خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز کا ہنگامی اجلاس، رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے سب انجینئر کے ساتھ نا روا سلوک کی شدید مذمت

صوبائی حکومت سے انجینئربرادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ، شکیل خان نے معافی نہ مانگی تو ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا، شاکر حبیب

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز کا ہنگامی اجلاس کنوینر انجینئر شاکر حبیب کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جس میں ملاکنڈ ایجنسی کے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان کی طرف سے محکمہ آبنوشی کے سب انجینئر کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی اور باضابطہ معافی اور تلافی تک اس توہین آمیز اقدام کے خلاف احتجاج سمیت ہر مناسب فورم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا نیز صوبائی حکومت سے انجینئربرادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ بھی کیا گیا محکمہ آبنوشی کے سپرنٹنڈنگ انجینئرقیصرزمان، انجینئر صادق خٹک، محکمہ بلدیات کے چیف انجینئر اصغرخان، ایکسئین انجینئر امجد خان، اور ایس ڈی او انجینئر زرگل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات افسوس کاا ظہار کیا کہ قانون بنانے والے نے ذاتی رنجش کی بنا پر اچانک قانون شکن بن کر اس انجینئر کو تھپڑ مارنے شروع کئے اور بلاوجہ زدوکوب کیا جو انکے حلقہ نیابت میں عوام کی خدمت کیلئے دن رات مصروف تھا اور اس کا تحفظ اس ایم پی اے پر فرض تھا خیبرپختونخوا کی انجینئر برادری سرکاری ملازمین کو عوامی خدمت سے متنفر کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی صوبائی حکومت کا فرض ہے کہ ایم پی اے کی ظالمانہ اور نازیبا حرکت کا سختی سے نوٹس لے بصورت دیگر طویل ترین احتجاج سے گریز نہیں کیا جائے گا مقررین نے کہا کہ انجینئر برادری قومی ترقی اور معیشت کا اہم ستون ہیں مگر انہیں حقوق دینے کی بجائے انہیں دبانے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں اور حالیہ واقعہ اس کا واضح ثبوت ہے انجینئر برادری اپنے جائز حقوق کیلئے جاگ چکی ہے اور متحدہ پلیٹ فارم سے ایک طرف اپنی تخلیقی اور پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی تو دوسری طرف نجی و سرکاری کسی بھی شعبے میں گریجویٹ انجینئرز کا استحصال نہیں ہونے دے گی۔