کراچی کی ترقی کیلئے اختیارات دئیے جائیں،فاروق ستار

عام آدمی کے مسائل کا حل صرف ایم کیو ایم پاکستان کے پاس ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:11

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ فاروق ستار نے ایک مرتبہ پھر شہر قائد کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے اختیارات نہ ملنے کا شکوہ کردیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی پاکستان کی ترقی کا انجن ہے، ہمیں شہرکے مسائل حل کرنے کیلیے اختیارات چاہییں۔فاروق ستار نے کہا کہ کراچی وفاق کو سب سے زیادہ 70فیصد ٹیکس دیتا ہے، شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلیے وسائل چاہییں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کیلیے لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، سب محسوس کررہے ہیں ایم کیو ایم میں جدت کی گنجائش ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے وہ تمام بل ایوانوں میں پیش کیے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو، ہمارا ایجنڈا اور ویڑن صاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شمولیت اختیار کررہے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ کوئی ہمارے لوگ توڑ کر اپنی مصنوعی بنیادوں کو مضبوط کررہا ہے، ہمارے لوگوں پر دباؤ ہے۔متحدہ کے رہنما نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا حل صرف ایم کیو ایم پاکستان کے پاس ہے، ہم ہی مظلوموں کے نجات دہندہ ہیں۔