صوابی ‘ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو مزید توسیع دینے کیلئے اراضی حصول پر کام ہو رہا ہے، اسد قیصر

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:00

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو مزید توسیع دینے کے لئے اراضی کے حصول پر کام ہو رہا ہے تاکہ یہ صنعتی بستی رواں دواں ہوکر علاقے میں عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہوسکیں‘مستقبل میںکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت قا ئم ہونے والے صنعتی اداروں کے لئے افرادی قوت کی تیاری کے لئے فنی تربیت کی فراہمی کیلئے حکومت فنی تربیتی اداروں کا قیام عمل میں لارہی ہے‘گدون میں قائم فنی تربیت کے ادارے سے علاقے کے نوجوانان بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹھا (صوابی )میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب اور بعدازاں موسیٰ بانڈہ اورپاک کیاء میں الگ الگ تقریبات سے خطاب کے دوران کیا،انہوںنے کہا کہ 22 اکتوبرکو زیدہ سٹی میں ایک عظیم الشان یوتھ کنونشن منعقد ہوگا، خیبر پختونخوا حکومت تعلیم کے ساتھ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں بھی بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے‘صوبے میں تحصیل کی سطح پر سپورٹس گرائونڈز تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں یونین کونسل کی سطح پر بھی کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لئے بھرپور فنڈزمختص کئے جائیں گے جس کی بدولت نوجوانوں کو مقامی سطح پر کھیلوں کی سہولیات فراہم ہوسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں بام خیل کے مقام پر 120 کنال اراضی پر محیط کھیلوں کی جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس کمپلیکس کا دسمبر میں باقاعدہ طور پر افتتاح کیا جائے گا،اس کے علاوہ لاہور،ژروبی،کلابٹ اور رجڑ میں اسپورٹس سٹیڈیم تعمیر کئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ بٹاکڑہ میں عالمی معیار کا تفریحی پارک 45 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جس سے صوابی کے عوام کو بھرپو رتفریح کے مواقع میسر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی سوچ رہے ہیں‘ غربت کے خاتمے اورپرُ امن معاشرے کے قیام کے لئے صوبائی حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔