ٹریفک پولیس جھنگ کے کرپٹ حکام نے شہر میں جگہ جگہ بسوں ویگنوں کے ناجائز و غیر قانونی اڈے قائم کروادئیے ،ٹرانسپورٹرز نے اہم ترین جنکشن پوائنٹ ایوب چوک پر تمام سڑکیں بس سٹینڈ و پارکنگ ایریا میں تبدیل کردیں،ماہانہ بھتہ کی وصولی کے باعث بااثر ٹرانسپورٹ مافیا کو اوورلوڈنگ و اوور چارجنگ کی کھلی چھٹی،ہائی ایس و ہائی روف ویگنوں میں چار چار مسافروں کی ایک ایک اضافی سیٹ سمیت غیر معیاری گیس سلنڈرزکی تنصیب،ان فٹ گاڑیوں نے مسافروں کی زندگی اجیرن بنادی، نااہل خاتون ڈی ایس پی ٹریفک بااثر ٹرانسپورٹر مافیا کے سامنے بے بس،ٹریفک پولیس ۱ٓفس میں ڈرائیونگ لائسنسوں کی لوٹ سیل،مٹھی گرم نہ کرنیوالے خوار،برس ہا برس سے تعینات اہلکار صرف چنگچی رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے چالانوں تک محدود،شہریوں کابدعنوان خاتون ڈی ایس پی کو فوری معطل و تبدیل کرنیکا مطالبہ

اتوار 15 اکتوبر 2017 19:41

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) :ٹریفک پولیس جھنگ کے کرپٹ حکام نے شہر میں جگہ جگہ بسوں ویگنوں کے ناجائز و غیر قانونی اڈے قائم کروادئیے ہیں اور ٹرانسپورٹرز نے اہم ترین جنکشن پوائنٹ ایوب چوک پر تمام سڑکیں بس سٹینڈ و پارکنگ ایریا میں تبدیل کردی ہیں مگرماہانہ بھتہ کی وصولی کے باعث بااثر ٹرانسپورٹ مافیا کو اوورلوڈنگ و اوور چارجنگ کی کھلی چھٹی،ہائی ایس و ہائی روف ویگنوں میں چار چار مسافروں کی ایک ایک اضافی سیٹ سمیت غیر معیاری گیس سلنڈرزکی تنصیب کا موقع فراہم کردیا گیا ہے جبکہ ان فٹ گاڑیوں نے مسافروں کی زندگی اجیرن بنادی ہے مگر نااہل خاتون ڈی ایس پی ٹریفک بااثر ٹرانسپورٹر مافیا کے سامنے بے بس نظر ۱ٓرہی ہیں نیزٹریفک پولیس ۱ٓفس جھنگ میں ڈرائیونگ لائسنسوں کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے لیکن اسکے برعکس مٹھی گرم نہ کرنیوالے خوارہوکر رہ گئے ہیں اسی طرح برس ہا برس سے ٹر یفک پولیس جھنگ میں تعینات اہلکار صرف چنگچی رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے چالانوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں جس پرشہریوں نے بدعنوان و نا اہل خاتون ڈی ایس پی ٹریفک جھنگ کو فوری معطل و تبدیل کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جھنگ میں ایوب چوک جیسی اہم ترین شاہراہ پر صرف ویگنوں کو دو اڈے قائم کر نے کی منظوری دی گئی تھی لیکن وہاں لاہور، فیصل ۱ٓباد، راولپنڈی اسلام ۱ٓباد، کراچی ، بہاولپور، سرگودہا، ملتان، بھکر، ڈیرہ غازیخان اور ملک کے دیگر شہروں کیلئے ہینو بسوں کے کئی اڈے قائم کروادئیے گئے ہیں جہاں ایک ایک وقت میں کئی کئی گاڑیاں سڑک پر کھڑی اور مسافر اتارتی چڑھاتی نظر ۱ٓتی ہیں جس سے ٹریفک کا نظام مکمل طور پر جام ہوکر رہ گیا ہے اور وہاں سے عام شہریوں کا گزرنا بھی ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے بتایا کہ جھنگ سے فیصل آباد اور فیصل آباد سے جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ ، شورکوٹ وغیرہ کے درمیان چلنے والی ہائی ایس ویگنوں کے مالکان نے ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے 15سیٹر گاڑیوں کوپھٹے کی جگہ مستقل پانچویں اضافی سیٹ لگا کر 22سیٹرمیں تبدیل کرلیاہے جبکہ بڑی تعداد میں ان فٹ گاڑیاں بھی سڑک پر رواں دواںہیں ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی جگہ ناقص ، غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز لگا کر مسافروں کی زندگیوں کو دائو پرلگادیاگیاہے مگر متعلقہ بھتہ خور حکام خاموش تماشائی بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے جھنگ اور جھنگ سے فیصل آباد کے درمیان سینکڑوں کی تعداد میں چلنے والی ہائی ایس ویگنوں کے بااثر مالکان نے متعلقہ حکام کی ملی بھگت اور آشیر باد سے ہائی ایس ویگنوں کی 4سیٹوں کو انتہائی مکاری ، ہوشیاری ، چالاکی سے بڑھا کر 5سیٹوں میں تبدیل کرلیا ہے یعنی ڈرائیور کی عقبی جگہ پر پھٹے کی جگہ ایک مکمل سیٹ نصب کر لی گئی ہے اس طرح جہاں پہلے 4سیٹوں پر فی سیٹ 4مسافروں کے تناسب سے 16سواریاں بٹھائی جاتی تھیں وہاں اب 5سیٹوں پر فی سیٹ 4مسافروں کے تناسب سے 20سواریاں بٹھائی جارہی ہیں اور 2سے 3سواریوںکو فرنٹ سیٹ پر ڈرائیورکے ساتھ بھی بٹھالیاجاتاہے حالانکہ یہ ہائی ایس گاڑیاں صرف 15سیٹر منظور شدہ ہیں مگر گاڑیوں کے ڈرائیور انتہائی بے شرمی ، ڈھٹائی اور دلیری سے اس بات کا برملا اظہار کرتے ہیں کہ وہ ہرمہینے جھنگ سائیڈ پر اڈا مالکان کو2ہزار روپے اور فیصل آباد سائیڈ پر 3ہزار روپے منتھلی فراہم کرتے ہیں اس لئے کوئی ا ن کاکچھ نہ بگاڑ سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جھنگ اور جھنگ فیصل آباد روڈ پر ٹریفک رولز کے حوالے سے جنگل کاقانون نافذ ہے اس لئے کوئی اس ٹرانسپورٹ مافیا پرہاتھ ڈالنے سے قاصر ہے۔انہوںنے کہاکہ فیصل آباد سے جھنگ اور جھنگ سے فیصل آباد کے درمیان چلنے والی اکثر گاڑیوں کے پاس مکمل کاغذات نہ ہیں مگر کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں ۔اسی طرح مذکورہ ہائی ایس ویگنوں کے مالکان نے متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے سراسر ناجائز و غیر قانونی طور پر اپنی گاڑیوں میں انتہائی غیر محفوظ طور پر ایل پی جی گیس سلنڈر نصب کروالئے ہیں جن سے انتہائی گندی بدبو پیداہوتی ہے اور یہ سلنڈر ناقص ، غیر معیاری اور مقامی سطح پر تیار ونصب کئے جانے کے باعث مسافروں کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں لیکن رشوت کی چمک نے متعلقہ حکام کی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ٹریفک پولیس جھنگ کے اکثر انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اے ایس ۱ٓئیز، حوالدار کئی کئی سالوں سے اپنے ہوم ٹائون جھنگ میں تعینات ہیں جو بڑے ٹرانسپورٹرز سے بھتہ لیکر انہیں تو نہ پوچھتے ہیں مگر انکا سارا زور چنگچی رکشوں اور موٹر سائیکل سواروں پر چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مافیا کو کنٹرول کرنا کسی بھی طرح ایک خاتون کا کام نہیں بلکہ یہاں ایسے دبنگ افسر کی ضرورت ہے جو مافیا سے انکی زبان میں بات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے خاتون ڈی ایس پی ٹریفک جھنگ تعینات ہوئی ہے تب سے شہر میں ٹریفک کے نظام کا بیڈہ غرق ہوگیا ہے۔ انہوں نے مذکورہ نااہل و مبینہ کرپٹ ڈی ایس پی ٹریفک جھنگ کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :