مخالفین نے نواز شریف حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کر کے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ہے، وزیر مملکت برائے مواصلات

ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی سے خائف ہو کر وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جنید انوار چوہدری کا سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 19:41

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ مخالفین نے نواز شریف کی حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈہ سے مسلم لیگ ن کو نہیں بلکہ ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ہے ۔ سیاسی مخالفین نے دھرنوں اور انتشار سے عالمی سطح پر ملکی وقار کو مجروح کیا جبکہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے ملک و قوم کو ایک روشن اور سنہرا مستقبل دینے کیلئے انتھک محنت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 336گ ب (سرابہ)میں سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی میاں محمد رفیق، چوہدری امجد علی جاوید، سابق ایم پی اے سردار مسعود گادھی، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی رانا عبدالقیوم خاں، چیئرمین یونین کونسل چوہدری محمد حنیف، میاں فرخ اقبال ودیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی سے خائف ہو کر وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ہم یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انتخابات کے دوران حلقہ کے عوام سے جو وعدے کئے ان سے بڑھ کر عملی کام کیا ہے ۔ سوئی گیس جیسی نعمت دیہی عوام کی دہلیز پر پہنچا دی گئی ہے۔