ہم دنیا اور یورپ کا دروازہ کھٹکھٹا نے نکلے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی انسان ہیں، انہیں بھی اپنے لئے مستقبل کے خواب دیکھنے کا حق حاصل ہے ،ہم چاہتے ہیں کشمیریوں کو انکاحق مل جائے،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

اتوار 15 اکتوبر 2017 18:20

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہم دنیا اور یورپ کا دروازہ کھٹکھٹا نے نکلے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی انسان ہیں، انہیں بھی اپنے لئے مستقبل کے خواب دیکھنے کا حق حاصل ہے ،ہم چاہتے ہیں کشمیریوں کو انکاحق مل جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیرنے یورپین یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے، پارلیمنٹ کا پہلا مشن 2004 میں مقبوضہ کشمیر گیا تھا آج 2017 ہے،مقبوضہ کشمیر میں حالات پہلے سے بہت زیادہ بد تر اور سنگین ہوچکے ہیں۔

ہم انہیں آزاد کشمیر کے دورے کی بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ہاں بھی آئیں اور دوسری طرف بھی جائیں اور خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ ہندوستان وہاں کس طرح ظلم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی خصوصی نمائندہ برائے یورپBrigitvan Hout سے ملاقات اور بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی خصوصی نمائندہBrigitvan Hout کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنے آبزور گروپ کے ساتھ ساتھ یورپ کا آبزور گروپ بھی مقبوضہ کشمیر بھیجے اور وہاں انسانی حقوق کی پامالیوں کا جائزہ لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ،بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کے خلاف مہلک ہتھیار استعمال کررہی ہے ، نوجوانوں کو پیلٹ گن سے اندھا کر کے ان کو بصارت سے محروم کیا جا رہا ہے، بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے اور وادی میں معصوم بچے بھی بھارتی شر سے محفوظ نہیں ،انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انسانی منشور کے تحت اپنے پیدائشی حق سے محروم قوموں کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کی اجازت دی گئی ہے،بھارت کشمیریوں کی پرا من جدوجہد کو گولیوں ،پیلٹ گن اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال کرکے سبوتار کرنا چاہتا ہے۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق کو بتایا کہ ہندوستانی فوج مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پرمعصوم بچوں ،بوڑھوں،عورتوں اور جانوروں کو نشانہ بنارہی ہے اور آئے روز کئی معصوم شہری بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں ،گزشتہ روز بھی لائن اف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہوئے ہیں۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی خصوصی نمائندہBrigitvan Hout نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو یقین دلایا کہ وہ ان کی گزارشات اقوام متحدہ تک پہنچائیں گی۔وزیر اعظم کے ہمراہ سینر وزیر چوہدری طارق فاروق ، اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاویداقبال اور اورسیز رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :