مقبوضہ کشمیر ، نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ، شوپیاں میںہڑتال

اتوار 15 اکتوبر 2017 17:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت پر شوپیاں اور پلوامہ کے اضلاع میں اتوار کے روز مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے دو نوجوانوں وسیم شاہ اور نصیر احمد کو ہفتے کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے لیتر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا جبکہ گلزار احمد میر نامی نوجوان اسی علاقے میں پر امن مظاہرین پر قابض اہلکاروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوا تھا۔

فائرنگ کے باعث درجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ہڑتال کے باعث دونوں اضلاع میں تمام دکانیںاور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔دریں اثنا سرینگر کے علاقے لال بازار بٹہ شاہ محلہ میں نامعلوم افراد نے اتوارکے روز ایک خاتو ن کی چٹیا کاٹ ڈالی۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ خاتون کی چٹیا کاٹنے کے بعد مجرم گھر سے زیورات بھی لے اڑے۔

ہفتے کی شام کو شہر کے علاقے حضرت بل میں بھی چٹیا کاٹنے کا یک واقعہ پیش آیا تھا۔ یاد رہے کہ مقبوضہ وادی کے مختلف علاقے میں گزشتہ تقریباً ایک ماہ کے دروان چٹیا کاٹنے کے سو سے زائد واقعات پیش آچکے ہیںجبکہ ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر خان نے بھی سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے اعتراف کیا ہے کہ جموںخطے اور وادی میں اب تک چٹیا کاٹنے کے 350واقعات پیش آچکے ہیں۔