آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی 85 ویں یوم تاسیس کے موقع پر بھمبر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد

اتوار 15 اکتوبر 2017 17:10

بھمبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی 85 ویں یوم تاسیس کے موقع پر بھمبر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سٹی صدر طارق محمود بٹ نے کی جبکہ مسلم کانفرنس ضلع بھمبر کے صدر اقبال انقلابی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں سنئیر نائب صدر راجہ محمد صابر، نائب صدر راجہ آفتاب، سیکٹری جنرل شیخ محمد صادق، جوائنٹ سیکرٹری بشیر بٹ، سیکر ٹری مالیات فاروق بٹ اور پریس سیکرٹری چوہدری ارشد کے علاوہ بھمبر سٹی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقبال انقلابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس نے جس شمع کو مشکل اورکٹھن حالات میں روشن کیا آج بھی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پوری آب و تاب کے ساتھ روشن ہے۔مسلم کانفرنس کے کارکن قائد ملت چوہدری غلام عباس اور سردار محمد عبدالقیوم خان کی نظریاتی سوچ فکر اور شہدا کے مشن کو کامیابی سے ہم کنار کریں گے۔ مسلم کانفرنس نے گو نا گوں مشکلات کے باوجود دین اسلام کی سربلندی ،پاکستان کی مضبوطی اور تحریک آزادی کو دنیا میں اجا گر کرنے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔کارکنوں نے اپنے آپ کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھا ہے اور اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔