بنگالی محب وطن ہیں، انکے شناختی کارڈزجلد جاری ہو جائیں گے،ممنون حسین

پاکستان کی جدوجہد میں بنگالی برادری کا اہم کردارہے،ان کی حب الوطنی نہ تو مشکوک ہے اور نہ ہی اس کیلئے کسی سے کوئی سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت ہے، بنگالی برادری کے محب وطن افراداور رہنما عرصہ دراز سے اپنے مختلف مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈز کے حصول کیلئے بھی طویل عرصے سے سرگرداں و پریشان ہیں ، کسی سیاسی پارٹی نے انکی کوئی مدد نہیں کی صدر مملکت کی مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمائوں خواجہ شعیب، اسلم خٹک اور مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا پر مشتمل وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران گفتگو

اتوار 15 اکتوبر 2017 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) قیام پاکستان کی جدوجہد میں بنگالی برادری کا اہم کردار رہا ہے اور بعد ازاں انہوں نے تحفظ و دفاع پاکستان کیلئے بھی اپنی جانی و مالی قربانیاں دیکر اپنا حب الوطنی کا یہ قومی کردار تاحال بہ خوبی نبھایا ہے لہذا ان کی حب الوطنی نہ تو مشکوک ہے اور نہ ہی اس کیلئے کسی سے بھی کوئی سرٹیفیکٹ لینے کی کوئی ضرورت ہے، بنگالی برادری کے محب وطن افراداور رہنما عرصہ دراز سے اپنے مختلف مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈز کے حصول کیلئے بھی طویل عرصے سے سرگرداں و پریشان ہیں لیکن کسی سیاسی پارٹی نے انکی کوئی مدد نہیں کی مگر اب پاکستان مسلم لیگ ن جو بابائے قوم کی جانشین ہے بانیان پاکستان کے تمام مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور اسی بناء پر رجسٹریشن قوانین میں ترمیم کر کے انکی رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈز کے مسائل حل جلد از جلد حل کردیگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان ممنون حسین خان نے پا ک مسلم الائنس کے مرکزی چیئرمین بچو دیوان سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمائوں خواجہ شعیب، اسلم خٹک اور مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران اپنی گفتگو میں کیا۔اس موقع پربچو دیوان نے کہا کہ پاکستان میں مقیم بنگالی افراد پاکستان سے لازوال محبت کرتے اور قیا م پاکستان کے بعد طویل عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں لہذا پاکستان کی رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈز ان کا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے جو انہیں جلداز جلد فراہم کیا جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آ پ کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کے محب وطن بنگالی عوام سے متعلق ویژن کو تقویت بخشی اور بنگالی برادری کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے محب وطن بنگالیوں کے مسائل کے حل پر سفارشات تیار کرنے اور بنگالیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے اعلان پر مرکزی رہنماخواجہ شعیب، گورنر سندھ زبیر عمر، سینیٹر سلیم ضیاء، صوبائی رہنما محمد اسلم خٹک کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا کے بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انکی حمایت کے نتیجے میں بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے اجراء کا معاملہ حل ہوا۔

دریں اثناء پاک مسلم الائنس کے رہنمائوں نے ملاقات کے بعد ایک اہم اجلاس میں بعض اخبارات میںحاجی زاہد اعوان ، امان اللہ پراچہ و دیگر افراد کی جانب سے چیئرمین پاک مسلم الائنس بچو دیوان اور سرپرست وقائد پاک مسلم الائنس خواجہ سلمان کی PMA سے لاتعلقی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سلمان سرپرست و قائد پاک مسلم الائنس سینیئر اور معزز رہنما ہیں جبکہ بچو دیوان الائنس کے منتخب سماجی و سیاسی رہنما ہیں اور الائنس کی ترقی اور بنگالی برادری کے مسائل انتہائی محنت اور سنجیدگی سے حل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ کمراہ کن خبریں جاری کرنے والے غیر بنگالی ہیں اور اپنے مخصوص مفادات کیلئے جعلی رجسٹریشن کرا کر الائنس میں جبری گھس بیٹھئے بن گئے ہیں لیکن ہم انہیں انکے مذموم مقاصد میں کامیابی نہیں ہونے دیں کے جس کیلئے پاک مسلم الائنس کی جانب سے جو ان سے بہت پہلے کی رجسٹرڈ ہے اور صرف سندھ تک نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے رجسٹرڈ ہے انکے خلاف عدالت میں بہت جلد5 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ داخل کیا جائیگا۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ قبضہ گروپ کے گمراہ کن بیانات سے غلط فہمی کا شکار نہ ہو اور پاک مسلم الائنس کے پلیٹ فارم سے 30 لاکھ سے زائد بنگالی برادری کے مسائل طویل عرصے سے حل کرنے کی جدوجہد میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔