کرم ایجنسی دھماکے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

نمازہ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلی عسکری اور سول حکام کی شرکت ، میتںہیلی کاپٹر کے ذریعے آبائی علاقوں میں منتقل

اتوار 15 اکتوبر 2017 15:50

کرم ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین اور دیگر 3 سپاہیوں کی نمازہ جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلی عسکری اور سول حکام حکام شریک ہوئے۔شہدا کی میتوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آبائی علاقوں میں منتقل کردیا گیا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے قوم دہشت گردی کی عفریت کے خلاف متحد و یکجا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری فورسز جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں پاکستان تاریخ کے سب سے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ دہشتگردی ناسور بن چکی ہے اور اس کا علاج قومی اتحاد سے ہوگا۔یاد رہے کہ کرم ایجنسی میں پاک افغان خرلاچی بارڈر کے قریب بارودی سرنگ کے 3 دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید جبکہ3 زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اور زخمی سیکیورٹی اہلکار بازیاب ہونے والے کینیڈین خاندان کے اغوا کاروں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لئے جاری کارروائی میں مصروف تھے۔

متعلقہ عنوان :