کوٹلی‘ پبلک ٹرانسپورٹ پر فالتو پائیدان نصب کرنے پر دفعہ144نافذ

اتوار 15 اکتوبر 2017 15:30

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء)ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹلی نے پبلک ٹرانسپورٹ پر فالتو پائیدان نصب کرنے پر دفعہ144نافذ کردیا۔کوئی بھی شخص اپنی سوزوکی پک اپ اور ٹویوٹا ہائی ایس کی سائیڈوں اورعقبی جانب سیڑھی کے ساتھ دائیں بائیں یا پیچھے فالتو پائیدان نصب کروانے کا ضلع کوٹلی کی حدود میں مجاز نہ ہوگا۔حکم کی خلاف ورزی پر زیردفعہ 188آزادپینل کوڈ مجریہ1860ء کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق دفتر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹلی راجہ ارشد محمودسے جاری حکم نمبرج ب2017/6369-85/ء کہ سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کوٹلی نے بروئے مکتوب نمبر ایس پی/انتظامیہ 17/22681-82/مورخہ 7اکتوبر2107تحریک کی کہ دوران ٹریفک چیکنگ سوزوکی/پک اپ ھاء کی سائیڈوں اور عقبی جانب اوورلوڈنگ کی غرض سے مالکان/ڈرائیوروں نے فالتو پائیدان نصب کر رکھے ہیں اسی طرح ٹیوٹا ہائی ایس مالکان نے بھی عقبی جانب سیڑھی کے ساتھ دائیں بائیں فالتو پائیدان نصب کروا رکھے ہیںجن پر لوگ کھڑے ہوکر سفر کرتے ہیں اور حادثہ کی صورت میں پائیدان ھاء پر کھڑے قیمتی افراد کو جانوں سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے جس کا تدارک کیا جانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

لہیذا ضابطہ فوجداری مجریہ 1898جو فی الوقت آزادجموں وکشمیر میں نافذ العمل ہے کی دفعہ 144کی ذیلی دفعہ(1)کی رو سے حاصل اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے حکم دیا جاتا ہے کہ کوئی بھی ڈرائیور /مالک/پبلک ٹرانسپورٹ پر اپنی سوزوکی/پک اپ/ٹیوٹا ہائی ایس پر سائیڈوں اور عقبی جانب سیڑھی کے ساتھ دائیں بائیں یا پیچھے فالتو پائیدان نصب کروانے کا ضلع کوٹلی کی حدود میں مجاز نہ ہوگا۔حکم ہذا کی خلاف ورزی پر کارروائی زیر دفعہ188آزادپینل کوڈ مجریہ 1860ء عمل میں لائی جائے گی۔