اگلے ایک ڈیڑھ برس میں مزید ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر کے ویزے جاری ہونے کی قوی امید ہے ‘ صدر پاک قطر بزنس فورم

ہنر مند پاکستانیوں ،کاروباری افراد کو موجودہ حالات سے فائدہ اٹھانا چاہیے،پاکستانی برآمدات بڑھنے کے بھی امکانات ہیں‘ ادریس انور

اتوار 15 اکتوبر 2017 15:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) پاک قطر بزنس فورم کے صدر محمد ادریس انور نے کہا ہے کہ قوی امید ہے کہ اگلے ایک ڈیڑھ برس میں مزید ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر کے ویزے جاری کئے جائیں گے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہہ حکومت کے دور میں قطر سے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گزشتہ سال دور ہ کے دوران قطری حکومت سے ویزوں کا مسئلہ اٹھایا گیا تھا اور معاہدوں میں یہ طے پایا تھا کہ قطر پاکستانیوں کے لیے مزید تقریباً ایک لاکھ ویزے مہیا کرے گا۔

ادریس انور نے کہا کہ ہنر مند پاکستانیوں اور خصوصاً کاروباری افراد کو موجودہ حالات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاک قطر بزنس فورم کے توسط سے قطر کی بڑی کاروباری شخصیات اور معاشی ماہرین کو حال ہی میں پاکستان کا دورہ کروایا گیا جہاں انہوں نے مختلف صنعتوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور بہت سے معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں قطر کو جانے والی پاکستانی برآمدات خاصی بڑھ جانے کے امکانات ہیں۔

قطر پاکستان سے تعمیراتی مواد کے علاوہ فروٹ، سبزیاں، ڈیری اور پولٹری درآمد کرے گا۔قطر میں فارماسیوٹیکل کی صنعت لگانے کے لیے بھی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ادریس انور کے مطابق قطر میں ہر شعبے کے اندر پاکستانی ہنر مند افراد کی کافی مانگ ہے اور ویزے کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ہی قطر میں پاکستانیوں کے لیے کاروبار اور ملازمتوں کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :