پاکستان نے گزشتہ چار سالوں میں معیشت اورسلامتی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی، ملک کو تمام شعبوں میں آگے لے جانے کیلئے سول اورملٹری قیادت یکجاء ہے،جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، سول اورعسکری قیادت کے درمیان اختلافات پیداکرنے کی کوشش کرنے والوں کی سرگرمیاں افسوسناک ہیں ، ایسے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق امریکی وزیردفاع کا بیان بے بنیاد ہے

وزیرداخلہ احسن اقبال کی نیویارک میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں اورمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

اتوار 15 اکتوبر 2017 15:00

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان نے گزشتہ چار سالوں میں معیشت اورسلامتی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے، ملک کو تمام شعبوں میں آگے لیجانے کیلئے سول اورملٹری قیادت یکجاء ہے، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، سول اورعسکری قیادت کے درمیان اختلافات پیداکرنے کی کوشش کرنے والوں کی سرگرمیاں افسوسناک ہیں , ایسے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق امریکی وزیردفاع کا بیان بے بنیاد ہی ۔

انہوں نے یہ بات نیویارک میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں اورمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ملک کو اس وقت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے ہمیں قومی یکجہتی اوراتقاق واتحاد کی ضروررت ہے، ملک کے اداروں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، ملک کی سول اورعسکری قیادت کے درمیان اختلافات پیداکرنے کی کوشش کرنے والوں کی سرگرمیاں افسوسناک ہیں اور ایسے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

معیشت سے متعلق حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ یہ معاملہ نمٹایا جاچکا ہے۔وزیرداخلہ نے کہاکہ وہ مادروطن کی دفاع کیلئے قربانیاں دینے والے سیکیورٹی اداروں کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ پاک امریکا تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بالخصوص پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کے نتیجے میں غیرملکی مغویوں کی بازیابی کے بعد کی گرم جوشی آرہی ہے، وزیرداخلہ نے اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کار کے قیام بارے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو تازہ ہوا کا جھونکا قراردیا،وزیرداخلہ نے کہاکہ کہ امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن رواؓںماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ، اس دورے کے دوران ان سے تمام متعلقہ ایشوز پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق امریکی وزیردفاع کا بیان بے بنیاد ہے، راہداری کے متنازعہ علاقے سے گزرنے کا بیان ہمارے لئے باعث حیرت ہے کیونکہ 1970اور 80 کی دہائی میں شاہراہ قراقرم کی تعمیر پر امریکا نے کسی ردعمل کا اظہارنہیں کیا تھا۔ انہوںنے امریکا پرزور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے جس کی وجہ سے کشمیری عوام بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مسلسل مصائب اورمظالم کا شکار ہیں، جیمز میٹس کو پاک چین اقتصادی راہداری کو بھارت کے تناظر میں نہیں بلکہ ایک اقتصادی منصوبہ کی نظر سے دیکھنا چاہئیے جس سے پوراخطہ استفادہ کرے گا، سی پیک سے کسی ملک کو کوئی خطرہ نہیں اوریہ سب کے فائدے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشیت ترقی کررہی ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ، حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول فراہم کردیا ہے، اس وقت پاکستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی پانچ معیشیتوں میں شامل ہوچکاہے، میکرواکنامک شعبے میں ترقی ہوئی ہے۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) امریکا کے صدر روحیل ڈار نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا اورحکومت کی کامیابیوں کی تعریف کی۔