ْعدالتی ہفتہ ،ْ جہانگیر ترین اور شیخ رشید احمد نا اہلی کیس سمیت مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی ان کیمرہ کارروائی کے خلاف درخواست کی سماعت بھی کرے گا

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان جہانگیر ترین اور شیخ رشید احمد نا اہلی کیس سمیت مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی ۔ جاری روسٹر کے مطابق چھ بنچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بنچ نمبرایک منگل کوجہانگیرترین نااہلی کیس کی سماعت کرے گا۔

بنچ کے دیگر ممبران میں جسٹس عمرعطا بندیال اورجسٹس فیصل عرب شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں بینچ نمبر 2 فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ شیخ رشید نااہلی کیس کی سماعت 18 اکتوبرکوکرے گا۔درخواست گزارشکیل اعوان نے شیخ رشید پرانتخابی گوشوارں میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔ یہی بنچ مارگلہ ہلزمیں درختوں کی کٹائی اورنیب کی سابق ڈی جی عالیہ رشید کی نظرثانی کی اپیل کی بھی سماعت کرے گا۔اس کے ساتھ ساتھ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی ان کیمرہ کارروائی کے خلاف درخواست کی سماعت بھی کرے گا۔