انصاف کی فراہمی میں عجلت انصاف کودفن کرنے کے مترادف ہے ‘ چیف جسٹس

آئین میں بنیادی حقوق تمام شہریوں کیلئے ہیں اورہرشہری کیلئے قانون یکساں ہے،خوش قسمت ہے کہ آئین تحریری شکل میں موجود ہے،ججز فیصلہ کرتے وقت قانون کو مدنظر رکھنے کے پابند ہیں،آئین جنسی امتیازکے بغیرہرشہری کومساوی حقوق کی ضمانت دیتاہے چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کا لاہور میں دوسری پنجاب ویمن ججز کانفرنس سے خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں عجلت انصاف کودفن کرنے کے مترادف ہے ‘ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس تحریری شکل میں آئین ہے‘ آئین کے تحت ہر شہری کے لئے قانون یکساں ہے‘ ججز فیصلہ کرتے وقت قانون کو مدنظر رکھنے کے پابند ہیں‘ آئین جنسی امتیاز کے بغیر ہر شہری کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے‘ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں ‘ماڈل عدالتوں کا قیام اچھا آئیڈیا ہے‘ عدلیہ میں صنفی امتیاز کا خاتمہ اچھا اقدام ہے‘بطور جج ہم ہر شہری کو فوری اور معیاری انصاف فراہم کرنے کے پابند ہیں۔

اتوار کو دوسری پنجاب ویمن ججز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئین کے بنیادی حقوق تمام شہریوں کے لئے یکساں ہیں ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس تحریری شکل میں آئین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ہر شہری کے لئے قانون یکساں ہے‘ ججز فیصلہ کرتے وقت قانون کو مدنظر رکھنے کے پابند ہیں۔ آئین جنسی امتیاز کے بغیر ہر شہری کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

انصاف کی فراہمی میں عجلت انصاف کو دفن کرنے کے مترادف ہے کوئی بھی جج قانونی تقاضے پورے کئے بغیر فیصلہ نہیں سناتا کسی جج کو غلط طریقے چلا کر فیصلہ دینے کا اختیار نہیں جج کے لئے ضروری ہے کہ وہ قانون سے آگاہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں جج درست فیصلوں کے لئے قانون سے آگاہی کو یقینی بنائیں۔ ماڈل عدالتوں کا قیام بہت اچھا آئیڈیا ہے ماڈل عدالتوں کے ساتھ دوسری عدالتیں بھی کردار ادا کریں۔

عدلیہ میں صنفی امتیاز کا خاتمہ اچھا اقدام ہے شہروں میں صنفی امتیاز سے متعلق صورتحال مختلف ہے۔ انصاف کا معیار قانون کے مطابق رکھنا ہوگا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جج کو مقدمے سے متعلق قانون پر مکمل عبور ہونا چاہئے‘ ہمارا ہر قدم قانون کی حکمرانی کے لئے ہونا چاہئے۔ بطور جج ہم ہر شہری کو فوری اور معیاری انصاف فراہم کرنے کے پابند ہیں۔