آزاد حکومت کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کی جانب بڑھ رہی ہے‘وزیر سپورٹس

حکومت سازی کے بعد کشمیرکاز، ڈویلپمنٹ اور گورنزہمارا مطمع نظر تھا جس پر کامیابی کے ساتھ کام جاری ہے‘چوہدری محمد سعید

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:01

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء)وزیر سپورٹس آزاد کشمیر چوہدری محمد سعید نے کہاہے کہ آزاد حکومت کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کی جانب بڑھ رہی ہے۔حکومت سازی کے بعد کشمیرکاز، ڈویلپمنٹ اور گورنزہمارا مطمع نظر تھا جس پر کامیابی کے ساتھ کام جاری ہے۔احتساب بیورو کی بہتر کاکردگی کے لئے احتساب بیورو ایکٹ لیکر آرہے ہیں ،تعلیم ،صحت ،ذرائع ابلاغ اور کھیلوں کے لئے سرگرمیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

پاکستان میں غیر یقینی کی صورتحال دنیا کے لئے تشویش کا باعث ہے،سٹاک ایکسچینج لڑکھڑارہی ہے،حکومت اور اداروں کو ملکر حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،معاشی حالات بہتر ہوں گے تو ترقی ہو گی۔سی پیک سے امریکہ ،بھارت اور اسرائیل کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سی پیک کی بدولت 2030تک ٹول ٹیکس پاکستان کے بجٹ سے بھی تین گنازیادہ ہوگا۔مہنگائی کے جن کو حکومت نے کنٹرول کر لیا ہے ۔

حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مجموعی قومی پیداوار 6فیصد کو ٹچ کر رہی ہے۔آپریشن ضرب عضب اور رد الفسادملک کے اندر بڑھتی ہوئی بد امنی کو ختم کرنے کے لئے شروع کیا گیاجس کے لئے فوج اور عوام دونوں نے قربانیاں دی ہیں۔مسلح افواج پاکستان نے حکومت کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کا صفایا کیا،ہمیں متحد رہنے اور اداروں کو مظبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔

تارکین وطن معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔تجارتی خسارے کو تارکین وطن زرمبادلہ کی شکل میں پورا کر رہے ہیں۔تارکین وطن کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے پالیسیاں اور ماحول بنا رہے ہیں تاکہ تارکین وطن ،وطن واپس آنے پر خوشی محسوس کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے نیوٹائون کے مقام پر تارکین وطن رہنما حاجی شاہد کی رہائش گاہ پر ان کی جانب سے دیے گئے عشائے کے دوران مختلف وفود اور اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عشائیے میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما وسابق امیدوار اسمبلی محمد نذیرا نقلابی،صدر مرکزی انجمن تاجراں میرپور چوہدری نعیم،پی آر او وزیر سپورٹس حافظ یاسر،تنویر غازی،راجہ تسلیم انجم،محمد بشیر،فاروق چوہان،چوہدری شوکت،چوہدری جمشید،اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صدر خالد محمودمغل ،سیکرٹری مالیات جرنلسٹ فورم راجہ عمران اختر کے علاوہ لیگی رہنمائوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

چوہدری محمد سعید نے مذید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان ،صدر سردار مسعود خان اور حکومتی وزراء سمیت لیگی ایم ایل اے اور عہدیداران وکارکنان نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پوری دنیا کے اندر کشمیریوں کے دیرینہ مطالبے کے لئے اپنی آواز بلند کر رہے ہیںاور دنیا نے بھی کشمیریوں کے مسئلے سمجھ لیا ہے آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری بھارتی افواج کا بزدلانہ اقدام ہے۔بھارتی افواج کی مقبوضہ وادی اور لائن آف کنٹرول پر بربریت کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی ہے۔وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کی بدولت آزاد کشمیر میں حقیقی تعمیر وترقی جاری ہے۔آزاد کشمیر کا آدھا بجٹ سڑکوں کی بہتری پر خرچ کر رہے ہیں ،آزاد کشمیر میں صحت عامہ کی سہولیات،ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس کا قیام،ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی ،نظام کو بہتربنانے ،خواتین کے لئے علیحدہ عدالتوں کا قیام،اور پبلک سروس کمیشن کو مظبوط اور بااختیار بنانے اور رشوت وسفارشی کلچر کا خاتمہ ن لیگ کی حکومت کا کارنامہ ہے۔

این ٹی ایس ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ کا بول بالا کیا گیا،اور سفارش کی بجائے میرٹ پر اساتذہ کی بھرتیاں کیں تاکہ آئندہ 25سے 30سال قوم کے نونہالوں کی بہترین تعلیم وتربیت کر سکیں۔اساتذہ کی بہترٹریننگ کے لئے برطانیہ سے ملکر ٹیچر ٹریننگ کورسس کروا رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ایک سال کے دوران حکومت نے پن بجلی کے منصوبہ جات پر توجہ دی ہے اور مذید منصوبوں کے لئے پیسہ رکھا ہے تاکہ آزاد حکومت اپنی ضروریات کو پوری کر سکے۔

لوکل گورنمنٹ اور دہی ترقی کے تمام کام زمین پر نظر آرہے ہیں ۔انشاء الله مسلم لیگ ن کا پانچ سالہ دورحکومت سنہری ثابت ہو گا اور خطے میں آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ ن کی ہی ہو گی۔انہوںنے کہا کہ بہت جلد آزاد کشمیر میں کھیلوں کے اہم مقابلے منعقد کروارہے ہیں ۔لاہور قلندر کے ساتھ ملکر آزاد کشمیر بھر سے 34ہزار کھلاڑیوں کے ٹرائل کروائے اور ایک کھلاڑی اسٹریلیا کے لئے سلیکٹ بھی ہو چکا ہے ۔

قائد اعظم ٹرافی میں آزاد کشمیر کی کرکٹ ٹیم حصہ لے رہی ہے اور بہت جلد ٹیم کو ریجن کے مقابلوں کے لئے بھی بھیجا جائیگا۔آزاد کشمیر میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن منصوبہ بندی کا فقدان تھا۔ن لیگ کی حکومت کھیلوں کے میدان آباد کر رہی ہے اور انشاء الله بہت جلد عالمی سطح پر مختلف کھیلوں میں کشمیری کھلاڑی نظر آئیں گے۔