موجودہ حکومت نے عوام کو میرٹ کی فراہمی کا جو وعدہ کیا وہ پورا کر کے دکھایا ہے‘وزیر تعلیم آزاد کشمیر

محکمہ تعلیم کی طرز پر آزادکشمیر حکومت دیگر محکموں میں ملازمتوں کے طریقہ کار کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی ‘بیرسٹر افتخار علی گیلانی

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ ریاستی ترقی اور خوشحالی کا راستہ میرٹ ، قانون کی بالادستی اور انصاف سے ممکن ہے موجودہ حکومت نے عوام کو میرٹ کی فراہمی کا جو وعدہ کیا وہ پورا کر کے دکھایا ہے مسلم لیگ ن نے سیاسی وابستگی کی بنیاد پر چند افراد کو نوازنے کے بجائے غریب اور امیر کی تفریق کا خاتمہ کرتے ہوئے برابری کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا ہے محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے ذریعہ میرٹ پر بھرتیوں سے نا صرف میرٹ پر روزگار کی فراہمی یقینی بنی اسکے ساتھ ساتھ تعلیم کی بہتری اور میعاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھی یہ ایک مثبت اقدام ثابت ہو گا محکمہ تعلیم کی طرز پر آزادکشمیر حکومت دیگر محکموں میں ملازمتوں کے طریقہ کار کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت کے مختلف مقامات پر عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ گروہی مفادات کے بجائے اجتماعی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے گزشتہ چند ماہ کے دوارن ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں مسلم لیگ ن پر عوام نے اسی لئے اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ ماضی کی حکومتوں سے عوام عاجز آچکے تھے عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں اور ریاست کے عوام بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات سے مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ سفارشی کلچر کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں موجودہ حکومت نے عملی کام کر کے دکھایا ہے ریاست کے تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کرتے ہوئے خطہ کو ترقی یافتہ خطہ بنانے کیلئے موجودہ حکومت آئندہ چند ماہ میں ایسے اقدامات اٹھائے گی جس سے عوامی محرومیوں کا ازالہ ہو گا -