سعودیہ ،مصرکادہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون مضبوط بنانے پراتفاق

سعودی ولی عہد اور صدرالسیسی میں ٹیلی فون پربات چیت،علاقائی اموراورجاری مشترکہ عرب آپریشن پر تبادلہ خیال

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:41

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء)مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ شام سعودی ولی عہد،نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نماؤں میں ہونے والی گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے دونوں رہ نماؤں نے مصر اور سعودی عرب میں بھائی چارے اور دوستی کے فروغ اور دونوں برادر قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مزید اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔

بات چیت میں مشترکہ عرب ایکشن پلان کو آگے بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کو مضبوط بنانے سے بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر ’یونیسکو‘ کی سربراہی کے لیے اپنے امیدوار کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ صدرالسیسی نے مملکت کی جانب سے مصری امیدوار کی حمایت کے موقف کو سراہا اور کہا یونیسکو میں حمایت سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔