چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں قومی کانگریس 18اکتوبر کو بیجنگ میں ہوگی

اتوار 15 اکتوبر 2017 11:50

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں قومی کانگریس 18اکتوبر کو بیجنگ میں منعقد ہوگی۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارہویں مرکزی کمیٹی کا ساتواں کل رکنی اجلاس 11 سے 14 اکتوبر تک بیجنگ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی 19ویں قومی کانگریس 18اکتوبرکو بیجنگ میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پنگ نے اٹھارہویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی ورکنگ رپورٹ پڑھ کر سنائی۔پارٹی کی اٹھارہویں مرکزی کمیٹی کی جانب سے ورکنگ رپورٹ کی منظوری دی گئی جس کو پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں نظرثانی کے لئے پیش کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کی نگران کمیٹی کی جانب سے انیسویں قومی کانگریس میں پیش کی جانے والی رپورٹ اور پارٹی کے منشور میں ترامیم کے بل کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی اٹھارہویں قومی کانگریس کے بعد گزشتہ پانچ برسوں میں چینی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت کی کارکردگی اور کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔