کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا،کیپٹن سمیت4 اہلکارشہید اور 3زخمی ہوگئے

اتوار 15 اکتوبر 2017 10:13

کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا،کیپٹن سمیت4 اہلکارشہید اور 3زخمی ..
کرم ایجنسی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اکتوبر2017ء ): کرم ایجنسی میں دہشتگردوں کے نصب کردہ مواد سے بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے،جس میں کیپٹن سمیت4 اہلکارشہید اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پاک فوج نے دوروزقبل انتہائی اہم آپریشن کرکے افغان بارڈرکراس کرنیوالی کینیڈین فیملی کودہشتگردوں سے بازیاب کروایا تھا۔

فورسزآپریشن میں بچ جانے والے دہشتگرد بھاگ کرقریب افغان مہاجرین کے کیمپوں میں چھپ گئے۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کی تلاش کیلئے پاک فو ج کے کیپٹن کی سرپرستی میں فورسزکاسرچ آپریشن جاری تھا کہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوگیا۔ دہشتگردوں نے خرلاچی میں بارودی سرنگ نصب کررکھی تھی۔ دھماکے میں کیپٹن سمیت4 ایف سی اہلکارشہیداور 3زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے کرمشتبہ افرادکی نگرانی اور سرچ آپریشن تیزکردیاہے۔واضح رہے سرچ پارٹی کے اہلکارکینیڈین فیملی کے اغواء میں ملوث ملزمان کوتلاش کررہے تھے ۔شہداء میں کیپٹن حسنین ، سپاہی سعید، جمعہ گل اور قادر شامل ہیں۔جبکہ زخمیوں میں نائیک انور،لانس نائیک شیرافضل اور سپاہی ظاہرشامل ہیں۔