سینیٹر اسحاق ڈار بطور وفاقی وزیر خزانہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھا رہے ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 15 اکتوبر 2017 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بطور وفاقی وزیر خزانہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ ہفتہ کوا یک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے تاجروں اور ایکسپورٹرز کو ایک پرکشش پیکج دیا جس کے اب مثبت نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں اور گزشتہ 3ماہ سے ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی موثروکارآمد پالیسیوں اور مثبت اقدامات ہی کی بدولت بجٹ خسارہ اور افراط زر کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ ٹیکس کے حصول میں بھی 20فیصد تک اضاٖہ ہوا ہے۔ صنعتی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے جسے ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو بھی بہتر مواقع مہیا کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں لیکن آج کوئی بھی عالمی ادارہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی بات نہیں کر رہا کیونکہ پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا تو کام ہی تنقید کرنا ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بلا وجہ تنقید کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ہے ملک و قوم نے ترقی کی ہے، اب بھی جب ہم نے 2013ء میں اقتدار سنبھالا تو توانائی سمیت صنعتی، زرعی اور صحت کے شعبوں کا بہت برا حال تھا لیکن ہماری قیادت نے اقتدار سنبھالتے ہی تمام شعبوں کی بہتری کے لیے موثرو کارآمد اقدامات اٹھائے جن کی بدولت آج تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا۔