ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد علی کو رہا کردیا گیا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 23:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) کراچی کی عدالت نے رینٹ قوانین کی خلاف ورزی کیس میں گرفتار کئے گئے ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد علی کو رہا کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں رینٹ قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پولیس نے رات گئے گرفتار کئے گئے ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد علی کو عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہد علی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے موکل کو سیاسی عداوت کے باعث گرفتار کیا گیا ہے ، لہذا عدالت ان کی ضمانت پر رہا کریں ، عدالت نے شاہد علی کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے 20ہزار زر ضمانت کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لانڈھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد علی کو گرفتارکیا تھا، جس پر ایم کیو ایم نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ شاہد علی کی گرفتاری ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔