سمندری طوفانوں ارما اور ماریا سے متاثرہ جزائر غرب الہند کے مختلف ممالک کی مالی معاونت کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دو دو لاکھ ڈالر عطیہ کا اعلان

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 23:18

سمندری طوفانوں ارما اور ماریا سے متاثرہ جزائر غرب الہند کے مختلف ممالک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2017ء) سمندری طوفانوں ارما اور ماریا سے متاثرہ جزائر غرب الہند کے مختلف ممالک کی مالی معاونت کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو انٹیگویا، بربودا، ڈومینیکا، سنیٹ کٹس اور نیوس کیلئے دو دو لاکھ ڈالر کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ جزائر غرب الہند کے مختلف ممالک حال ہی میں سمندری طوفانوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں پر سمندری طوفانوں کے باعث بڑی تعداد میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سمندری طوفان کے باعث 27افراد ہلاک ہوئے جبکہ ڈومینیکا میں80فیصد عمارتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اسی طرح بربودا میں 90فیصد عمارتیں تباہ ہوئیں اور اس کی آبادی کی اکثریت کو نقل مکانی کرنی پڑی۔ اسی طرح دیگر مختلف جزائر میں بھی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پاکستان کے جزائر غرب الہند کے چودہ ممالک سے قریبی تعلقات ہیں اور اقوام متحدہ کے فورم پاکستان اور سی اے آر آئی سی او ایم ممالک کے موقف میں بھرپور مماثلت پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کی جلد بحالی کیلئے دعاگو ہیں۔