بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ ، ایک شہری شہید، 4بچوں سمیت 5 زخمی

بھارتی فوج نے تیتری نوٹ، منوا، ستوال اور بالاکوٹ کے دیہات کو نشانہ بنانے کے علاوہ راولاکوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر موجود سیاحوں کو بھی نشانہ بنایا پاک فوج نے فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرا دیں اور فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو کافی نقصان پہنچایا، آئی ایس پی آر

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 23:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ 4بچوں سمیت 5 شہری زخمی ہوگئے،زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوآرٹر نکیال منتقل کردیا گیا ۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور ستوال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8سالہ خلیل شہید ہوگیا جبکہ 15سالہ قرة العین،14سالہ ہماریوں کبیر،10سالہ معین السلام ،6سالہ عائقہ رمضان اور 45سالہ سکندر حسین زخمی ہوگئے، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوآرٹر نکیال منتقل کردیا گیا ،بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ستوال اور نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال شدید فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں چھ سالہ بچی عائقہ رمضان اور پینتالیس سالہ شخص سکندر حسین شامل ہیں۔اس سے پہلے آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایاگیاتھا کہ بھارتی فوج نے تیتری نوٹ، منوا، ستوال اور بالاکوٹ کے دیہات کو نشانہ بنانے کے علاوہ راولاکوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر موجود سیاحوں کو بھی نشانہ بنایا۔

پاک فوج نے فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرا دیں اور فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو کافی نقصان پہنچایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہری آبادی کونشانہ بنانے سے بھارتی تسلط سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد سے کشمیری عوام کا عزم متزلزل نہیں ہوگا۔