کوہاٹ ، استرزئی پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنیکی کوشش ناکام بنادی

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 23:10

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) کوہاٹ استرزئی پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔اعلیٰ کوالٹی کی چرس قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے بندوبستی علاقوں کو سمگل کی جارہی تھی۔خفیہ اطلاع پر ڈی پی او جاوید اقبال نے ایس ایچ او استرزئی گل جنان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیکر منشیات کے قبائلی سمگلر کو لاکھوں مالیت کی چرس سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے قبائلی علاقوں کے سنگم پر واقع ضلع کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں فول پروف ناکہ بندیاں قائم کردی گئی ہیںجسکے تسلسل میںمنشیات سمگل کرنیوالے عناصر کی آمدورفت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہیں ۔اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹرگل جنان نے پولیس نفری کے ہمراہ علاقہ مٹھا خان کے قریب کوہاٹ شہر کو اورکزئی ایجنسی سے ملانے والے خفیہ پہاڑی راستے پر ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس اثناء میں قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے آنیوالے ایک مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن رکنے کی بجائے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی نے تعاقب کے بعد گرفتار کرکے انکے قبضے سے 12کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

پولیس نے چرس کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار قبائلی سمگلر شمیم علی ولد نواب علی سکنہ ستوری خیل اورکزئی ایجنسی کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کرکے انکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔

متعلقہ عنوان :