وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات

سرمایہ کاروں کی سفارشات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا، تحفظات دور کئے جائیں گے،یقین دھانی

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 23:04

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداروں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی ۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر اور مختلف شعبوں کے سرمایہ کار بھی شریک تھے ۔ اجلاس کے دوران اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیر کمال نے وزیر اعظم کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی گذشتہ 4 برس کی مجموعی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ حالیہ مہینوں میں انڈیکس میں کمی کی وجوہات کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میںمیں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی ترقی ،اس میں مزید بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے اسٹاک مارکیٹ کی بہتری کے ضمن میں سفارشات کی تیاری کے لئے گورنر سندھ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو وزیر اعظم کو اس ضمن میں جلد سفارشات پیش کرینگے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سرمایہ کاروں یقین دلایا کہ ان کی سفارشات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ گذشتہ 4 برسوں کے دوران ہونے والی معاشی ترقی سب کے سامنے ہے، اس عرصہ کے دوران معاشی ترقی میں اسٹاک ایکسچینج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔#