احتساب عدالت کی سیکورٹی فوج کے حوالے کی جائے، ن لیگ کا احتساب عدالت پر حملہ ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش ہے، صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 22:22

احتساب عدالت کی سیکورٹی فوج کے حوالے کی جائے، ن لیگ کا احتساب عدالت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کی سیکورٹی فوج کے حوالے کی جائے۔ ن لیگ کا احتساب عدالت پر حملہ ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش ہے۔ ن لیگ کے گلو بٹ جمہوری غنڈے بن چکے ہیں۔ نواز شریف جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنا چاہتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے بیان پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمہ درج ہو نا چاہیے۔

احتساب کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔ پانی سر سے گزرنے لگا ہے اس لئے فوج اور عدلیہ ملک بچانے کے لئے بڑا فیصلہ کریں۔ شریف خاندان ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چوہدری شجاعت حسین، خرم نواز گنڈاپور اور علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی عدم استحکام زیادہ دیر چل نہیں سکتا۔

احتساب عدالت پر حملہ کر کے پاکستان کو دنیا میں تماشا بنایا گیا۔ عدلیہ اور فوج کو متنازعہ بنانے کی منظم مہم ملک دشمنی ہے۔ عدالتوں پر حملے کرنا ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر سب کچھ منصوبہ بندی سے ہوا۔ (ن) لیگ کی حکومت نے ملک کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ لوٹ مار کی کھلی اجازت کا نام جمہوریت نہیں۔

احتساب کے بغیر جمہوریت بے معنی ہے۔ (ن) لیگ کا فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنانا دراصل پاکستان کو کمزور کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے۔ قوم فوج اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف کی خاطر خانہ جنگی کا ماحول بنانا ملک سے غداری ہے۔ لیگی وکلا کی غنڈہ گردی ریاست کے اندر ریاست کی مثال ہے۔ بڑی سیاسی تبدیلیوں کا دروازہ کھلنے والا ہے کیونکہ اس حکومت چل رہی ہے ملک نہیں۔

متعلقہ عنوان :