ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 21:34

رحیم یار خان۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2017ء)ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا جبکہ جاری منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ایم این اے شیخ فیاض الدین اور ایم پی اے میاں اسلام اسلم کے ہمراہ فیروزہ فلائی اوور کی تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ اپنے حلقہ کی ترقی اور عوامی خوشحالی و فلاح وبہبود کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے فنڈز حاصل کرتے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں اور ان فنڈز کا شفاف استعمال متعلقہ محکموں کے افسران کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیروزہ فلائی اوور کی بروقت تکمیل کے لئے حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے جبکہ فلائی اووز کی تعمیر سے متاثر ہونے والی اراضی و املاک کے مالکان کو رقوم کی فوری ادائیگیاں یقینی بنائیں جائیں۔

(جاری ہے)

ایم این اے شیخ فیاض الدین اور ایم پی اے میاں اسلام اسلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے فیروزہ فلائی اوور کی تعمیر کے لئے فنڈز کی فراہمی سے اس علاقہ کی عوام کا درینہ مطالبہ پورا ہوا ہے جبکہ فلائی اوور سے متاثر ہ اراضی و املاک کے مالکان کو بھی تنہانہیں چھوڑیں گے اور انہیں املاک و اراضی کی رقو م فوری ادا کی جائے گی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کی جانب سے حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے اور منصوبہ کو فوری مکمل کرنے کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کی تیز رفتار تکمیل کے ساتھ ساتھ اراضی و املاک کے مالکان کو بھی ادائیگیاں فوری کرائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے ریلوے پھاٹک کی بندش کے باعث عوامی مسائل کا خاتمہ ہو گا اور آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔