Live Updates

پیپلز پارٹی اور انکی صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور ہمارے راستے میں روڑے اٹکانے سے گریز کرے

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قو می اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 21:31

پیپلز پارٹی اور انکی صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور ہمارے راستے میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قو می اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور انکی صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور ہمارے راستے میں روڑے اٹکانے سے گریز کرے۔ ہم اس قائد کے پیروکار ہیں جس نے ہمیشہ مشکل راستہ چنا ہے اور ہر مشکل حالات میں کامیابی انکا مقدر بنی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے 22اکتوبر کو سہون میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار سے تنگ سہون اور مظافات کے علاقوں سے عوام کا سمندر ہوگا۔

ہفتہ کو یہ باتیں انہوں نے سہون روانگی کے موقع پر پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات الیا س شیخ، دیوان سچل، دوا خان صابر، قادری بھائی ، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کے لئے سرکاری مشینری اور پولیس انتظامیہ کا بے دریغ استعمال شروع کردیا ہے۔

جلسہ گاہ کے دروازے ویلڈنگ کر کے بند کردیئے گئے ہیں لیکن ہم ہر صورت میں جلسہ کر کے رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لعل شہباز قلند اور شاہ عبد الطیف بھٹائی کی سرزمین سے ان چوروں اور لٹیروں کا خاتمہ ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ان صوفیوں کی سرزمین زرداری جیسے کرپٹ ٹولے کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔سندھ کے غیور اور باشعور عوام لاکھوں کی تعداد میں سہون شریف کے جلسے میں شریک ہوں گے ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سہون کے جلسے کے اعلان کے بعد حکمرانوں کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سہون شریف اور اسکے مظافات کے علاقے میں مختلف برادریوں کے سربراہان کو وزیر اعلیٰ ہائوس بلا کر جلسے میں شرکت نہ کرنے کی سخت تاکید کر رہے ہیں ۔چیئرمین عمران خان کی سیاسی جدوجہد سے زرداری گروپ حواس باختہ ہوچکا ہے۔ سہون شریف سے ہی حکمرانوں کی شکست کا آغاز ہوگا اور سندھ میں بھی بہت جلد انصاف کا سورج طلوع ، کرپشن اور لوٹ مار اور وڈیرہ شاہی کا سورج غروب ہوجائے گا۔ #
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات