تحریک لبیک یا رسول اللہؐ نے کامیاب مذاکرات کے بعد تھانہ کوتوالی کے سامنے دیا جانے والا دھرنا ختم کر دیا

ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کل ( اتوار) کو پریس کانفرنس کرینگے ،آئندہ کالائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا ‘ ترجمان

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 20:43

تحریک لبیک یا رسول اللہؐ نے کامیاب مذاکرات کے بعد تھانہ کوتوالی کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ نے کامیاب مذاکرات کے بعد تھانہ کوتوالی کے سامنے دیا جانے والا دھرنا ختم کر دیا جبکہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کل ( اتوار) کو پریس کانفرنس کر کے حکومتی نمائندگان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیل سے آگاہ کریں گے ۔ترجمان صاحبزادہ مرتضی علی ہاشمی نے بتایا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہؐ اور حکومتی نمائندگان کے درمیان صبح 4بجے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے نتیجے میں تھانہ کوتوالی لاہور کے سامنے تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے مرکزی سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی قیادت میں دیا جانے والا دھرنا ختم کردیا گیا ہے ۔

انہوںنے بتایا کہ ہم نے اپنے 12مطالبات تحریری شکل میں پیش کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے انٹر نیشنل سیکر ٹریٹ مرکز صراط مستقیم میں آج اتوار دن ایک بجے ایک اہم پریس کانفرنس سے انشاء اللہ تعالی خطاب کریں گے جس میں حکومت اور تحریک کی مذاکراتی ٹیم کے درمیان اور پھر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اورمیاں ولید احمد شرقپوری اور حکومتی نمائندگان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی تفصیل اور طے پانے والے معاہدہ کی فوٹو کاپی پیش کی جائے گی۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ کے متنازعہ بیان کی رانا ثناء اللہ کی طرف سے کی گئی وضاحت کے بارے میں شرعی حکم بیان کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پریس کانفرنس میں تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کا آئندہ لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :