Live Updates

ہمارا مقابلہ منشوراور نظریہ نہ رکھنے والی (ن) ، پی ٹی آئی سے ہے،عوامی منشور سے شکست دینگے ‘ آصف زرداری

2013ء میں حالات اور تھے ،پنجاب میں اب بھرپور انتخاب لڑینگے ،حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا بلاول ہائوس لاہور میں سابق ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات،قیادت کو حلقوں کے بارے میں جائزہ رپورٹس اور اپنی تجاویز پیش کیں

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 20:40

ہمارا مقابلہ منشوراور نظریہ نہ رکھنے والی (ن) ، پی ٹی آئی سے ہے،عوامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) سابق صدر آصف زرداری نے پارٹی کو آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا کوئی نظریہ اور منشور نہیں ،ہم انہیں اپنے عوامی منشور سے شکست دیں گے ،موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی اعتبار سے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے لیکن اس کے باوجود سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس لاہور میں 2013ء کے عام انتخابات میںپارٹی کی طرف سے انتخاب لڑنے والے امیدواروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں کے بارے میں جائزہ رپورٹس بھی ہمراہ لائے اورقیادت کو اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ 2013 کے حالات اور تھے اب پنجاب میں بھرپور انتخاب لڑیں گے اور اس کے لئے تیاریاں شروع کی جائیں۔

پیپلز پارٹی کا آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف سے مقابلہ ہوگا ،دونوں جماعتوں کا کوئی نظریہ اور منشور نہیں ،پیپلز پارٹی عوامی منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی اوراپنے منشور سے مخالفوں کو شکست دے گی ۔ آصف زرداری نے سابق ٹکٹ ہولڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات لڑنے کے خواہشمندعام انتخابات کی تیاری کریں اور ہم نے بھرپور مقابلہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا ہے لیکن اس کے باوجود سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے لیکن عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات