Live Updates

این اے فور کے ضمنی انتخابات میں دیگر جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ ووٹ لیں

گے،پرویزخٹک آصف زرداری اور نوازشریف کے گھٹ جوڑ نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ، 2018کے انتخابات میں عمران خان کو کامیاب بناکر ملک کوبچایا جاسکتا ہے اے این پی ، پی پی پی اور مسلم لیگ آئندہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ایم ایم اے نے پہلے اسلام کی کیاخدمت کی جو اب دوبارہ اتحاد کی باتیں کررہے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 20:38

این اے فور کے ضمنی انتخابات میں دیگر جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ ..
شاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ این اے فور کے ضمنی انتخابات میں دیگر جماعتوں کے امیدواروں سے زیادہ ووٹ لیں گے۔آصف علی زرداری اور نوازشریف کے گھٹ جوڑ نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔زرداری اور نوازشریف کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔ان کو پاکستا ن کے غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں۔

2018کے انتخابات میں عمران خان کو کامیاب بناکر ملک کوبچایا جاسکتا ہے۔ اے این پی ، پی پی پی اور مسلم لیگ آئندہ اقتدار کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ ایم ایم اے نے پہلے اسلام کی کیاخدمت کی جو اب دوبارہ اتحاد کی باتیں کررہے ہیں۔اسفندیار ولی اور میاں افتخار حسین تحریک انصاف کا شکریہ اداکریںکہ وہ چارسدہ اور نوشہرہ واپس آئے اور یہاں پر جلسے منعقد کررہے ہیں یہ تو اپنے دور حکومت میں فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی سب سے بڑی تبدیلی اس صوبے میں امن کی واپسی ہے۔پولیس کو آج بااختیار بنادیا ہے۔ اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف عمران ہی کی صورت میں ممکن ہے۔ صوبہ بھر میں 35 لاکھ بچوں کو ٹاٹ سے اٹھا کر کرسیوں پر بیٹھا دیا ہے۔ ایماندار قیادت ملی تو امریکہ کا مقابلہ کرسکتے ہیںاور امریکی امداد کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے عثمان آباد پبی ضلع نوشہر ہ میں جنت گل ، ارشد، واجد، واحد، اجمل ، طلحہ، حماد، عزیز خان، مصطفی، انعام الله، سہیل خان، کامران، وقار خان زرگر، منیر خان زرگر ، بلال زرگر، عبد الله شنواری، اسد خان، حمزہ خان، محمد الیاس، محمد عامراور دیگر نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف شمولیت کے موقع پرجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ممبر قومی اسمبلی مراد سعید ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن، ضلع نائب ناظم اشفاق خان، ڈاکٹر شفقت آیاز اور اشفاق کاکو خان تحصیل ناظم کے امیدوار احد خٹک نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کا ہراول دستہ ہیں ۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں ڈاکو راج ، چوری اور لوٹ مار کی مزاحمت کیلئے تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوانوں کا آگے آنا ناگزیر ہے۔نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیںجو کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کے خلاف تحریک انصاف کی جدوجہد میں پیش پیش ہیں۔پاکستان کا مستقبل شفاف نظام ، سیاسی مداخلت سے آزاد اداروں اور ایماندار قیادت سے مشروط ہے۔ہمیں بحیثیت قوم ایماندار اور بے ایمان ، سچے اور جھوٹے ، ملک کے خیر خواہ ہوں اور ملک دشمن عناصر میں فرق کرنا ہوگااور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا جو اس قوم کو زندہ قوم کے طور پر اُٹھا سکے اور ملک کو ترقیافتہ دُنیا کی صف میں کھڑا کر سکے۔

یہ ملک مزید لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہماری صوبائی حکومت نے عمران خان کے وژن اور منشور کے تحت صوبے میں شفاف نظام کی بنیاد رکھ دی ہے۔بدعنوان عناصر جنہوں نے اپنے ادوار حکومت میں کبھی غریب عوام کی فکر نہیں کی اب بدلتے ہوئے خیبرپختونخوا سے خوفزدہ ہیںاور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے نت نئے ہتھکنڈوں کے ساتھ ڈگڈگی بجانے میں مصروف ہیں۔

اُنہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ اُن کی سیاست ختم اور مستقبل تاریک ہے۔ عمران خان کو نوجوانوں پر یقین ہے کہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیںاور نوجوانوں نے نظام کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کی جدوجہد میں بنیادی کردار ادا کرکے اس سوچ کو درست ثابت کیا ہے ۔ہم نے اپنے منشور کے تحت صوبے میں جس شفاف نظام کی بنیاد ڈالی اُسے آگے لیکر جانا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نواز شریف ، زرداری ، فضل الرحمن اور اسفندیار جیسے سیاستدانوں نے اس ملک کو تباہ کیا۔ان کی اپنی جائیدادیں باہر ہیں اور غریب عوام کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ان کی لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان پر دُنیا کا اعتماد اُٹھ چکا ہے۔بیرون پاکستان بہت لوگ اپنا سرمایہ پاکستان میں لانے کیلئے تیار ہیں مگر اُنہیں اس سسٹم پر اعتماد نہیں ہے۔

وہ عمران خان کے منتظر ہیں ۔صوبائی حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے تعلیم جیسے بنیادی شعبے کو بھی سیاسی مداخلت سے تباہ کیا۔ کبھی غریب عوام کی فکر نہیں کی ۔ان لوگوں نے غریب دشمنی میں تمام حدیں پار کردی تھیں کیا یہ بتا سکتے ہیں کہ غریب کے ساتھ امتیاز ی سلوک کیوں کیا گیا۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خوانین کی طرح غریب کو تعلیم کے معیاری مواقع دینے کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے۔

اگر ہمارے آج کے سکولوں کا ماضی کے سکولوں کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو فرق واضح نظر آئے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم کی طرح شعبہ صحت بھی تباہی کا شکار تھا ۔یہ واحد حکومت ہے جس نے غریب کے علاج کی ذمہ داری اُٹھائی، ہسپتالوں میں ڈاکٹر مہیا کئے، ماضی کی خراب مشینیں ٹھیک کیںاور طبی سہولیات کی فراہمی کا قابل عمل نظام دیا۔صوبے کے نادار اور غریب لوگوں کیلئے صحت انصاف کار ڈ کا اجراء کیا جو صوبائی حکومت کا بہترین پالیسی اقدام ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ تھانوں میں بھی سیاست ، دونمبری ، بد معاشی اور ظلم کی انتہا تھی ۔ہماری حکومت نے تھانوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے با اختیا ر بنایا اب غلط کام پر سزا اور اچھے کام پر جزا دی جاتی ہے۔ ہماری پولیس ایک بہترین فورس بن چکی ہے۔ہم نے صوبے میں پہلی بار انٹیلی جنس ادارہ قائم کیا۔ پاک افواج ، خفیہ اداروں اور پولیس کے درمیان معلومات کے تبادلے کا ایک باقاعدہ سسٹم شروع کیاجس کی وجہ سے امن آیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ سیاستدان جو اپنے دور میں گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے وہ بھی آج جلسے کرتے ہیں۔ اس امن کیلئے پاک افواج اور پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ صوبائی حکومت نے رشوت کے خلاف ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔اداروں میں آزاد اور بااختیار بورڈ اور اتھارٹیاں بنائی گئی ہیں تاکہ ادارے عوامی توقعات کے مطابق ڈیلیوری دے سکیں۔

نظام کی شفافیت کے اس مجموعی عمل کو قوانین کے ذریعے دیر پا بنا دیا گیا ہے۔آئندہ کسی کو بھی نظام میں بے جا مداخلت اور لوٹ مار کی ہمت نہیں ہو گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہی وہ شفاف نظام ہے جو پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ایماندار قیادت اور نظام کی شفافیت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔اگر ہم اپنے ادارے ٹھیک کر لیں ، لوٹ مار کے خلاف ڈٹ جائیں تو ہمارے اپنے وسائل کافی ہیں۔ کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات