ملک میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں ‘ذکر اللہ مجاہد

حکمران ملکی اثاثہ جات کو گروی رکھ کراور قوم کوقرضوں کی دلدل میں دھکیل کر اس کو خوشحالی اور ترقی کا نام دے رہے ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 17:52

ملک میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں غربت ، مہنگائی اور کرپشن جیسے خطرناک مسائل کی جڑ حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بے شمار مسائل کا شکار ہو رہا ہے جس میں نظام تعلیم کا ناقص معیار ، طبی سہولیات کا فقدان، لوڈشیڈنگ کا عذاب ، بے روزگاری اور جرائم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی اثاثہ جات کو گروی رکھ کراور قوم کوقرضوں کی دلدل میں دھکیل کر اس کو خوشحالی اور ترقی کا نام دے رہے ہیںجبکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سمیت غیر وں کے منصوبے ہمارے ملک کے مستقبل کا تعین کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوںنے قومی اداروں کو تباہ کر دیا ہے، اداروں میں شفافیت نہ ہونے کی وجہ سے 2013ء کے انتخابات میں قومی وحدت کو شدید دھچکا لگا ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ایوانوں میں بیٹھ کرعوامی خدمت کے لیے پلاننگ کی بجائے اپنی اپنی کرپٹ لیڈرشپ کو بچانے اور ایک دوسرے کو نیچا دیکھنے میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور بقاء کے لیے قوم سینیٹر سراج الحق کا ساتھ دیں،جماعت اسلامی ملک کوکرپشن سے پاک، اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے۔