احمدی کسی بھی غیر مسلم اقلیت کے مقابلے میں اللہ اور اللہ کے دین کیلئے زیادہ خطر ناک ہیں‘ رانا ثناء اللہ

جس کا ختم نبو ت پر ایمان نہیں وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے،مخصوص لابی نے میرے موقف کی گہرائی جانے بغیر اسے دانستہ طور پر سطحی انداز میں پیش کیا ‘ صوبائی وزیر قانون کی 90شاہراہ قائد اعظم پر جید علماء پر مشتمل 12رکنی وفد سے ملاقات میں گفتگو رانا ثنا اللہ ایک سچے اور پکے مسلمان ہیں ،متعلقہ ٹی وی پر وگرام کو جان بوجھ کر متنازعہ بنایا گیا ‘ وفد کے ارکان کا مشترکہ اعلامیہ

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 17:52

احمدی کسی بھی غیر مسلم اقلیت کے مقابلے میں اللہ اور اللہ کے دین کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ احمدی کسی بھی غیر مسلم اقلیت کے مقابلے میں اللہ اور اللہ کے دین کے لیے زیادہ خطر ناک ہیں ،مخصوص لابی نے میرے موقف کی گہرائی جانے بغیر اسے دانستہ طور پر سطحی انداز میں پیش کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پاکستان علماء کونسل پنجاب حافظ محمد امجد کی زیر قیادت جید علماء پر مشتمل 12 رکنی وفد سے 90 شاہراہ قائداعظم پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مرکزی نائب چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد شعیب الرحمان قاسمی، صدر انٹر نیشنل ختم نبوت پنجاب مولانا احمد علی ندیم ، جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت مولانا الیاس فاروقی، صدر علما ء کونسل وممبران کمیٹی مولانا قاری وقار احمد عثمانی ، شیخ الحدیث و نمائندہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری محمد نواس ، مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان علماء کونسل مولانا شاہ نواز فاروقی،ممبر پاکستان علماء کونسل پنجاب مولانا حق نواز خالد، ایڈیشنل سیکرٹری پاکستان علماء کونسل مولانا خالد محمود سرفرازی ، ڈپٹی سیکرٹری پاکستان علماء کونسل قاری محمد مشتاق اور حافظ حذیفہ عثمانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے کہا کہ جو عالم دین مجھے قریب سے جانتے ہیں وہ میری رسول ﷺ سے محبت اور عقیدت کو خوب سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس میڈیا پروگرام کا حوالہ دیکر یہ سارا ایشو کھڑا کیا گیا اس پروگرام میں وقت کی قلت کے باعث مذکورہ موضوع پر سیر حاصل گفتگو نہ ہو سکی۔ میرے موقف کی گہرائی جانے بغیر اسے دانستہ طور پر سطحی انداز میں پیش کیا گیا اور یہ سمجھے اور جانے بغیر کہ بہتان بازی کتنا بڑا دینی گناہ ہے مخصوص لابی نے اسے سر زد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس کا ختم نبو ت پر ایمان نہیں وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ آج ہم بھی یہ کہتے ہیں سکھ ، عیسائی ہمارے غیر مسلم بھائی ہیںتاہم یہ بات ہم احمدیوں کے بارے میں نہیں کہہ سکتے۔ ایک غیر مسلم اقلیت کوہمارے آئین میں جو مذہبی اور شہری آزادی حاصل ہے ہم یہ آزادی احمدیوں کو غیر مسلم اقلیت کا درجہ دیکر نہیں دے سکتے۔انھوں نے کہا کہ مذکورہ ٹی وی پروگرام میں یہ میرا اصل موقف تھا۔

جس کو ہمارے سیاسی مخالفین اور ان جیسے منفی خیال لوگوں نے توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ احمدی خود کو مسلمان کہہ کر تبلیغ کرتے ہیں جو کہ سراسر غلط ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ احمدی کسی بھی غیر مسلم اقلیت کے مقابلے میں اللہ اور اللہ کے دین کے لیے زیادہ خطر ناک ہیں ۔ اراکین وفد نے رانا ثناء اللہ خاں کے قادیانیوں کے حوالے سے ان سے منسوب بیان کے وضاحتی موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اسے تسلی بخش قرار دیا ۔

انہوں نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ رانا ثنا اللہ خاں ایک سچے اور پکے مسلمان ہیں اور ختم نبوت پر یقین کامل انکے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وزیر موصوف کے متعلقہ ٹی وی پر وگرام کو جان بوجھ کر متنازعہ بنایا گیا اور پرنٹ میڈیا میں حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ختم نبوت ایک حساس معاملہ ہے اسے سیاسی منافرت کی نظر نہ کیا جائے۔

اجلاس کے آخر میں علما کرام نے چند انتظامی مسائل کے بارے میں وزیر قانون کو آگاہ کیا ۔ صدر پاکستان علما کونسل پنجاب حافظ محمد امجد نے کہا کہ سرگودھا میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنایا جائے جس پر وزیر قانون نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو اس ضمن میں جلد ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔ آخر میں وزیر قانو ن رانا ثناء اللہ خاں نے اراکین وفد کا شکریہ ادا کیا۔