توانائی منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کااضافہ ہوگا

،آئندہ چندماہ کے دوران توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا،اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک کے شعبے میں شاندار ترقی ہوئی ہے،پاک چین اقتصادی راہداری سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں تکمیل سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ جائیں گے وزیر داخلہ احسن اقبال کا واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ میں منعقدہ فورم سے خطاب

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 17:20

توانائی منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کااضافہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2017ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کااضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں آئندہ چندماہ کے دوران توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔ یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانہ میں منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ ومنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے گزشتہ چار برسوں میں پاکستان کی اقتصادی اورسلامتی کے شعبے میں کامیابیوں پر روشنی ڈالی اورکہاکہ معیشت کی بحالی اورتوانائی بحران کے حل کیلئے سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں قومی گرڈ میں 10ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہورہی ہے جس سے ملک میں توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا جس سے معیشت نموپذیر ہوگی اوراقتصادی سرگرمیوںمیں اضافہ ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک کے شعبے میں شاندار ترقی ہوئی ہے اوران اقدامات کے نتیجے میں بڑھوتری کی شرح 5.3 فیصد سالانہ ہوگئی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے جن کی تکمیل سے آئندہ چند برسوں میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ جائیں گے ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ قبائیلی علاقہ جات اورملک کے دیگر حصوں میں قوم کے بھرپور عزم اور سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں ملک میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وفاقی وزیر نے تعلیم، خواتین کو بااختیاربنانے، صحت عامہ ، اورغربت میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے پاک یوایس نالج کاریڈور کو آگے بڑھانے میں امریکی معاونت کی اہمیت کواجاگرکیا۔ پاک امریکا تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کااظہارکیا کہ گزشتہ سات دھائیوں سے تزویراتی شراکت دار ہونے کے ناطے دونوں ممالک مستقبل میں مل کر کام کریں گے۔امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے امریکا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پرزور دیا اور کہاکہ وزیرداخلہ نے تفصیلی انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ہے۔فورم میں امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداروں ، ماہرین تعلیم اورامریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔