ویسٹ انڈین بلے باز چندرپال نے وسیم اکرم کو تاریخ کا سب سے بہترین بائولر قرار دیدیا

میں نے اپنے کیریئر کے دوران عظیم بالرز کا سامنا کیا جس میں وسیم اکرم مجھے سب سے بہترین لگے،چندر پال

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 17:20

ویسٹ انڈین بلے باز چندرپال نے وسیم اکرم کو تاریخ کا سب سے بہترین بائولر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بالر اور سابق کپتان وسیم اکرم کے بہترین ہونے پر ایک اور اسٹیمپ لگ گئی۔ انہیں کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بالرز میں شمار کیا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز شیو نارائن چندرپال نے وسیم اکرم کو تاریخ کا سب سے بہترین بالر قرار دے دیا۔ شیونارائن چندرپال نے ویسٹ انڈیز کے لئے طویل عرصہ کرکٹ کھیلی، وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

شیو نارائن چندرپال اپنے یونیک بیٹنگ اسٹائل کی وجہ سے خاصے مشہور ہیں انہوں نے طویل دورانیے کی کرکٹ میں ہر طرح کے بالر کا سامنا کیا لیکن جب ایک انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ آپ کا سب سے پسندیدہ بالر کونسا ہے تو انہوں نے سوئنگ کے سلطان کا نام لیتے ہوئے انہیں سب سے بہترین قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران عظیم بالرز کا سامنا کیا جس میں وسیم اکرم مجھے سب سے بہترین لگے۔

انہوں نے وقار یونس، گلین میگرا اور شان پولک کو بھی زبردست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا یہ تمام بالرز ہی بہت اچھے تھے لیکن میری نظر میں وسیم اکرم دنیا کے سب سے بہترین بالر ہیں۔یاد رہے وسیم اکرم نے ون ڈے کرکٹ میں 502 جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 414 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 500 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بالر ہیں۔ لیجنڈری فاسٹ بالر اس وقت پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز ملتان سلطانز کے ساتھ منسلک ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :