سرینگر مظفرآباد تجارتی سامان سے پچاس کلو سے زائد ہیروئن برآمدگی کیس ،ْ تھانہ پولیس چناری راولپنڈی اسلام آباد میں چھاپے

ہماری کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اصل تاجر سجاد زرگر اور اس کے ساتھی گرفتار نہیں ہو جاتے ،ْایس ایچ او ڈائریکٹر ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر کرنل (ر) محمد شاہد کی چناری تھانہ میں منشیات بر آمد گی کیس میں ملزمان سے ملاقات

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 16:33

اسلام آباد/چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) سرینگر مظفرآباد تجارتی سامان سے پچاس کلو سے زائد ہیروئن برآمدگی کیس تھانہ پولیس چناری نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اصل سمگلر سجاد زرگر عرف ماجد زرگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او چناری جاوید گوہر کی قیادت میں پولیس پارٹی نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں انیس ستمبر کے روز مقبوضہ کشمیر کارپٹ کے رولوں میں چھپا کر ہیروئن بھیجنے والے تاجر سجاد زرگر عرف ماجد زرگر کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے لیکن وہ کسی بھی ٹھکانے پر موجود نہیں تھا ایس ایچ او چناری نے سمگلر سجاد زرگر کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں جو اسے گرفتار کر نے کے لیے کو ششوں میں مصروف ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او چناری جاوید گوہر نے بتایا کہ ہماری کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اصل تاجر سجاد زرگر اور اس کے ساتھی گرفتار نہیں ہو جاتے انشا ء اللہ بہت جلد اصل سمگلر کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈائریکٹر ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر کرنل (ر) محمد شاہد نے گذشتہ روز چناری تھانہ کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار پانچ بے گناہوں سے ملاقات کی اس موقعہ پر گرفتار افراد نے ڈائریکٹر ٹا ٹا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چھبیس روز سے نا کردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور اصل سمگلروں کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے اس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹاٹا نے گرفتار افراد کو یقین دہا نی کروائی کہ اس معاملہ میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی جو بھی اس معاملہ میں قصور وار ہوا اسے ضرور سزا ملے گی چناری تھانہ میں گرفتار پانچ بے گناہ افراد کے لواحقین اور ان کے ورثاء نے صدر،وزیراعظم ،چیف سیکرٹری ،آئی جی آزاد کشمیر اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ذمہ داران سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ کی اعلی سطحی تحقیقات کروا کر اصل سمگلروں کو گرفتار اور بے گناہوں کی 169کے تحت رہائی کے احکامات جاری کریں یاد رہے کہ 26دنوں سے گرفتار بے گناہ افراد کے ورثاء کی تشویش میں دن بدن اضافہ ہو تا جا رہا ہے ورثاء نے بے گناہوں کی رہائی اور اصل سمگلروں کی گرفتاری کے لیے آئندہ ہفتے سے احتجاجا سرینگر مظفرآباد تجارتی ٹرک روکنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے