ہومن ریلیف فاونڈیشن برطانیہ کے وفد کا پہلا دورہ میرپور‘100 غریب گھرانوں میں راشن تقسیم کیا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 16:28

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) ہومن ریلیف فاونڈیشن برطانیہ کے وفد کا پہلا دورہ میرپور،سو غریب گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔مسلم ہینڈز اور ریڈ فاونڈیشن کے تنظیمی عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کی گئی۔سابق ڈپٹی ایڈ منسٹر یٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چودھری بابر شہزاد نے ایچ ،آر، ایف کے وفد کا میرپور پہنچنے پر شاندار استقبال کیا اور وفد کے اعزاز میں چودھری بابر شہزاد نے تقریب کا انعقاد بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق ہومن ریلیف فاونڈیشن برطانیہ کے وفد نے پروگرام ہیڈ عبدالباسط خواجہ کی قیادت میں اپنا پہلا دورہ میرپور میںکیا وفد میں فنڈ ریزنگ آفیسر نوید احمد ،فنڈ ریزنگ ڈویلپمنٹ منیجر وسیم اقبال کے علاوہ دیگر بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام ہیڈ عبدالباسط خواجہ نے کہا کہ 2005 کے زلزلہ سے ہماری تنظیم لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاقدرتی آفت آنے کا کسی کو علم نہیں ہوتا لیکن اس کے لیے ہم سب کو تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی تعداد زیادہ ہے اور فنڈنگ بھی برطانوی کشمیری کرتے ہیں اس حوالے سے ہمارا پہلا دورہ میرپور میں ہے یہاں سو غریب لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔ لوگوں کو روز گار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر پر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

عبدالباسط خواجہ نے کہا ہم بہت جلد آزاد کشمیر کادورہ کریں گئے اور غربت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات بھی کرئینگے۔ تقریب سے ایچ آر ایف کے فنڈ ریزنگ آفیسر نوید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے کشمیری ہمیں فنڈز دیتے ہیں اس لیے ہماری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی ریلیف کے کام کیے جائیں تاکہ ادھر بھی لوگوں کو بنیادی سہولیات مل سکیں۔

اس موقعہ پر سابق ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن چودھری بابر شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہومن ریلیف فاونڈیشن برطانیہ کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے آزاد کشمیر کو اپنے فلاحی کاموںمیں شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا اہل میرپور نے ہمیشہ قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر جب کبھی بھی کوئی قدرتی آفت آئی ہے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔اور آئندہ بھی لیں گئے۔تقریب میں سابق سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس خواجہ ظفر اقبال ، معروف کاروباری شخصیت چودھری نقیب شیرازی، چودھری عماد احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :