سربراہان ادارہ جات برادری یا سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیے جا رہے ہیں‘سردار مسعود

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 16:25

دھیرکوٹ/چمن کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) صدر ریاست سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سربراہان ادارہ جات برادری ،علاقائی یا سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ ،اہلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اگر تعلیمی اداروں میں تعیناتیاں میرٹ کے مطابق نہیں ہونگی تو قوم کا مستقبل خطرے سے دوچار ہو جائے گا۔ آزاد کشمیر کی جامعات میں معیار تعلیم بلند کرنے اور تحقیق کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ہم نئی نسل کو ایک روشن مستقبل دینا چاہتے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کو تیار کرنا ہو گااور اس کے لیے تعلیم پر توجہ دینا ضروری ہے۔ معیاری تعلیم کیلئے تعلیمی اداروں میں ہر تعیناتی میرٹ اور اہلیت پر ہی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی کے اعزاز میں دھیر کوٹ،ہل میں مولانا امتیازاحمد عباسی کی جانب سے دیے گئے پروقار استقبالیہ تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ یہاں آ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں ۔ ہم نے میرٹ پر ایک پود کو تیار کر نا ہے ۔ یہ کام مشکل ہے مگر ہم نے ہمت نہیں ہارنی ۔ وائس چا نسلر کا کام بہت مشکل ہو تا ہے مگر دعا کریں کہ ڈاکٹر کلیم عباسی اس مشن میں کا میاب ہو ں ۔ عدل و انصا ف کی بالا دستی کے لیے کوشش ہو رہی ہے ۔ شاید ہم سے پہلوں نے بھی کوشش کی مگر وہ اپنے احداف پورے نہیں کر سکے ۔

آزا دکشمیر کی جامعات سے ایسے لوگ پیدا ہو رہے ہیں کو دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ۔ہمارا آپ سے عہد ہے کہ میرٹ کے علاوہ کوئی تعیناتی نہیں کریں گے ۔ مایوس نہ ہوں میںا ٓزا دکشمیر کو روشن ریاست دیکھ رہا ہوں ۔ آپ کے پاس تمام بڑے تعلیمی ادارے ہیں ۔ آپ حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھیں اللہ کی مدد سے تقدیر کو ہاتھ میں لیں ۔ حکمرانوں کی بھی ذمہ داری مگر ایک ذمہ داری آپ کی بھی ہے ۔

جب میرٹ کی بات ہوتی ہے مگر نجی محفلوں میں اپنے لیے استثنیٰ مانگتے ہیں ۔ آپ خوش ہو رہے ہیںڈاکٹر کلیم عباسی میرٹ پر اترے ہیں اگر کہیں اور میرٹ پر فیصلہ ہو تو آپ کو اسی طرح خوشی منانی چا ہیے ۔وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹرمحمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے معلم بنایا ،صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

جامعہ کشمیر میں تعلیمی معیار بلند کرنے اور طلبہ کی تعلیم و تربیت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ انشاء اللہ میرٹ اور اہلیت کو ہر صورت ترجیح دی جائے گی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ استقبالیہ تقریب میں صدر ریاست تشریف لائے ہیں یہ ہم سب کی خوش قسمتی ہے اور ہ صدر ریاست کے شکرگزار ہیں، صدر مسعود خان جیسی شخصیت کا نگہبان بننا آزاد کشمیر کے عوام کی خوش قسمتی ہے۔

مولانا امتیاز عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر کلیم عباسی کی وائس چانسلر تعیناتی پر ہم صدر ریاست کے شکر گزار ہیں، ڈاکٹر کلیم عباسی جامعہ کشمیر کو اپنی مثال آپ جیسا ادارہ بنائیں گے، ایسای ادا رہ جو دنیا بھر میں ملک اور ریاست کی نمائندگی کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ افتخار ایوب نے کہا کہ صدر ریاست اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے آزاد خطہ میں میرٹ کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

صدر ریاست نے آج ڈاکٹر کلیم عباسی کے اعزاز میں استقبالیہ میں شرکت کر کے ہمارے حوصلے بلند کیے ہیں۔ بزرگ سیاسی رہنما سردار معروف اختر عباسی ،مولانا سلیم اعجاز ، عنصر شفیق ، عبید الرحمان عباسی ، مہتاب اشرف ، نعیم اخترنے اپنے خطاب میں صدر ریاست کا ڈاکٹر کلیم عباسی کی تعیناتی کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی کے اعزاز میں استقبالیہ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض قاری صدام نے انجام دئیے ۔استقبالیہ کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی،باران رحمت کیلئے خصوصی دعا کی گئی،اس موقع پر صدر ریاست سردار مسعود خان نے اور مولانا امتیاز عباسی نے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کو بہترین تعلیمی خدمات پر یاد گاری شیلڈ دی۔

متعلقہ عنوان :