روہنگیا خواتین اور بچوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیاجا سکتا،بھارتی سپریم کورٹ

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 12:07

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2017ء) بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ روہنگیا خواتین اور بچوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیاجا سکتا۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت کے لئے عدالت نے 21نومبر مقرر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک سے بیدخل نہ کیا جائے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی 3رکنی بنچ نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کے تمام فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کیلئے دلائل کی تیاری کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ انسانی اقدار ہمارے آئین کی بنیاد ہے۔ ملک کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کو تحفظ فراہم کرنا بھی ضروری ہے تا ہم متاثرہ خواتین اور بچوں کے حالات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ جب سے وزیراعظم نریندر مودی نے میانمار کا دورہ کیا ہے اور وہاں کی بدھسٹ حکومت کے ساتھ مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں اس کے بعد سے ہی بھارتی حکومت کا موقف تبدیل ہو چکا ہے او راس نے ملک میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کو بیدخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :