ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں،عدالت کے باہر ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کا عمل جاری ہے،ذمہ دار کے خلاف کارروائی ہو گی،وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں اور ہماری قیادت نے بھی ہمیں یہی سکھایا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت کے باہر سیکیورٹی حصار بنائے تھے اور کچھ لوگوں کے ان سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی وجہ سے عدالت کے باہر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سارے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عدالت میں جانا ہوتا ہے ان کی ہی فہرست بنائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم ہیں کہ آئندہ سماعت سے قبل اس معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔