حکومت پنجاب کی طرف سے حقوق نسواں کے تحفظ کے لئے قانون سازی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:41

فیصل آباد۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے عورتوں کی فلاح وبہبود،معاشی ترقی اورسماجی تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کے ثمرات عام خواتین تک پہنچائے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنے آپ کو بااختیار سمجھتے ہوئے قومی ترقی میں بھرپورکردارادا کرسکیں۔یہ بات رکن صوبائی اسمبلی کنول نعمان نے شہید بینظیر بھٹو ہیومن رائٹس سنٹر فاروومن کادورہ کرتے ہوئے کہی۔

ایم پی اے ڈاکٹرنجمہ افضل بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمداشرف،انچارج وومن سنٹر کنول شہزادی،لاء آفیسر زاہد علی شاکرودیگر افسران بھی موجود تھے۔رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے حقوق نسواں کے تحفظ کے لئے قانون سازی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں جس سے عورتوں میں احساس تحفظ اورانہیں قانون کی براہ راست مدد حاصل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فضول رسم ورواج اور بے جا روایات کی حوصلہ شکنی کے لئے سماجی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ عورت کسی قسم کی ناانصافی،تشددیا ذہنی دبائو کا شکار نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق کے تحفظ سے آگاہی ضروری ہے اس سلسلے میں میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا کردار اہم ہے۔ایم پی اے نے کہا کہ خواتین کو انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے سنٹر میں موجودخواتین سے بھی ملاقات کی اورکہا کہ انہیں انصاف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے سینٹر کی مجموعی کارکردگی پراطمینان کااظہار کیااور ادارہ کودرپیش بعض مسائل کے حل کے سلسلے میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات پر صوبہ بھر کا دورہ کرکے خواتین کی فلاح وبہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کاجائزہ لے رہی ہیںاور انہیں اس مقصد کے لئے چیئرپرسن مقررکیاگیا ہے۔اس موقع پر مینجرہیومن رائٹس سینٹر نے ادارہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔رکن صوبائی اسمبلی کنول نعمان نے غلام محمد آباد میں دارالامان کا بھی دورہ کیااوروہاں مقیم خواتین سے ملاقات کی۔