یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور ریسرچرز کو اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، وائس چانسلرہزارہ یونیورسٹی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور ریسرچرز کو اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چائیے اور یونیورسٹی میں قیام کے دوران اپنے وقت کو قیمتی بنانے کے لئے تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ طلباء و طالبات اور سکالرزکواپنی مذہبی ، ثقافتی ، اخلاقی اور علاقائی اقدارکا امین ہونا چاہیے۔

اقدار اور روایات ایسی خصوصیات ہیں جن سے مثالی معاشرہ وجود میںآتا ہے۔ وہ یونیورسٹی کے پراکٹوریل بورڈ کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ پراکٹر کا بنیادی کردار یہ ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اندر ایسی چیزوں پر نظر رکھے تاکہ طلباء و طالبات اور ریسرچرز کو اپنی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کی طرف بھرپور توجہ حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی اور سائنسی ایجادات کے ساتھ ساتھ بہت سی خرافات نے بھی جنم لیا ہے جو کہ معاشرے کے لئے ناسور ہیں اور تعلیمی اداروں میں ایسی خرافات پر نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں پراکٹوریل بورڈ کے اراکین اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پراکٹرز نے اپنے کردار،اخلاق اور تہذیب یافتہ رویوں کی بدولت یونیورسٹی میں تعلیمی وتحقیق ماحول کو بہترین انداز سے آگے بڑھانا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پراکٹرز نے اپنے کردار اور مثبت رویوںاور مخلصانہ کوششوں سے یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مقاصد کے حصول میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پراکٹر یہ آپ کی اہم ذمہ داری ہے کہ آپ یونیورسٹی کے مفادات کو مقدم رکھیں۔انہوں نے پراکٹوریل بورڈ کی کارکردی میں بہتری اور نکھار لانے کے لئے اپنی طرف سے بھرپور مدد کا عندیہ دیا۔ اس سے قبل چیف پراکٹر ڈاکٹر عارف اقبال عمر نے پراکٹرز کی تقریب حلف برداری کے فرائض سر انجام دیے۔ انہوں نے تمام پراکٹرز سے حلف لیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار لیفٹیننٹ کمانڈر(ر) محمود خان، سینئر افسران اور اساتذہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :