قومی ریسلر عنایت اللہ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی

عنایت پہلوان نے گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،عارف حسن، ارشد ستار

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:01

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء)پاکستان ریسلنگ کی تاریخ میں پہلی بار قومی ریسلر عنایت اللہ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی، ڈیلان میں منعقد ہونیوالی ورلڈ بیچ چیمپئین شپ کے فائنل میں انہوں نے ایرانی پہلوان کو شکست دیکر گولڈ میڈل پاکستان کے نام کیا، اس سے قبل عنایت اللہ نے سیمی فائنل میں ترکی کے پہلوان کو شکست دی تھی، عنایت پہلوان نے رواں سال ایشین میٹ ریسلنگ چیمپئین شپ میں سلور میڈل بھی جیتا تھا، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن نے قومی پہلوان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عنایت پہلوان نے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن بھی اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار نے اپنے پیغام میں کہا کہ عنایت اللہ نے گولڈ میڈل جیت کر فیڈریشن کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، وطن واپسی پر نوجوان کھلاڑی کے اعزاز میںپروقار تقریب منعقد کی جائے گی۔