ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال کو ان کے عہدے کا چارج نہ دینے پر پنجاب سروس ٹربیونل کا ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:01

لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) عدالتی حکم کے باوجود ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر نعمان مطلوب مشہدی کو ان کے عہدے کا چارج نہ دینے پر پنجاب سروس ٹربیونل نے سیکرٹری صحت پنجاب کو سرگنگا رام ہسپتال وفاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وی سی، ایڈیشنل ایم ایس اور چیف سکیورٹی آفیسر کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت فوری کارروائی کا حکم دیدیا،پنجاب سروس ٹربیونل کے جج راؤ عبدالجبار نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار ڈاکٹر نعمان مطلوب مشہدی کے وکیل نے ٹربیونل کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار نے عدالتی حکم پر جب چارج سنبھال لیا تو اس دوران زبانی احکام پر وی سی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سہیل رانااور چیف سکیورٹی آفیسر آغا شاہد نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ درخواست گزار کو زبردستی دفتر سے بے دخل کر کے ہسپتال سے باہر نکال دیااور گیٹ پر سکیورٹی اہلکار وں سے کہا کہ درخواست گزار کو ہسپتال کی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ذمہ داروں کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت فوری کارروائی کاحکم دیدیا، عدالت نے توہین عدالت کی کارروائی پر مزید سماعت چوبیس اکتوبر تک ملتوی کر تے ہوئے سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری صحت راجہ منصور کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کی رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے،درخواست گزارکے وکیل نے ٹربیونل کو بتایا کہ ڈاکٹر نعمان مطلوب کو ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ راجہ منصور علی خان نے میرٹ کے برعکس نرسوں کی تعیناتی نہ کرنے کی پاداش میں ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال کے عہدے سے ہٹا یا ہے ،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر نعمان مطلوب کی ریٹائرمنٹ میں صرف دس ماہ رہ گئے ہیں، انہیں بلا جواز عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کا عمل انتقامی کارروائی ہے ،درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر ٹربیونل محکمہ صحت پنجاب کے ذمہ دار حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔

متعلقہ عنوان :