سفید چھڑی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب

مستحق نابینا طلبہ میں سفید چھڑیاں اور بریل قرآن پاک کے نسخے تقسیم کئے گئے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2017ء) لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام سفید چھڑی کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پریس کلب کے نائب صدر زاہد گوگی، ممبر گورننگ باڈی محمد شاہنواز رانا، پی ٹی آئی کے رہنما آفتاب افگن، نابینا مصنف و دانشور قاضی نوید ممتاز، نابینا ماہر تعلیم اور معروف براڈ کاسٹر جابر حسین، غضنفر عباس صفدر، انیلا اختر سمیت نابینا طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی نقابت شاہنواز رانا نے کی جبکہ سینئر فوٹو جرنلسٹ مظفر چوہدری نے کلام پڑھ کر سما باند ھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر زاہد گوگی نے کہا کہ ہمیں جیسے بینا لوگوں کو تربیت کی ضرورت ہے کہ سفید چھڑی کی عزت کیسے کرنی ہے، نابینا افراد مفید شہری ہیں اور ذہن کی وسعت میں ہم سے آگے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو نابینا افراد کے تمام جائز حقوق انہیں دینے چاہئیں تا کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، انہوں نے کہا کہ پریس کلب جلد نابینا افراد کے ساتھ اچھے برتائو کیلئے ٹریفک وارڈنز کے ساتھ ایک آگاہی سیمینار منعقد کرے گا ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی کے رہنما آفتاب افگن نے کہا کہ سفید چھڑی کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے ، ہمیں نابینا افراد کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دینا چاہئے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ براڈ کاسٹر اور ماہر تعلیم جابر حسین نے کہا کہ پریس کلب بارش کا پہلا قطرہ ہے اس طرح کی تقاریب کا انعقاد نابینا افراد کو ان کے جائز حقوق دلوانے میں مدد گار ہوں گی،انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کو بھی تربیت کی ضرورت ہے کہ سفید چھڑی والون کے ساتھ کیسا برتائو کرنا چاہئے۔

قاضی نوید ممتاز نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں نابینائوں کی مخصوص نشست ہوتی تو شاید ہماری آواز ایوان بالا تک پہنچتی اور ہمیں سڑکوں پر نہ آنا پڑتا، انہوں نے کہا معاشرہ ہمیں ہمدردی تو دیتا ہے مگر جائز حقوق نہیں دیتا ، پریس کلب نے سفید چھڑی کا دن منا کر ہمارے تمام گلے دور کر دیئے ہیں ۔ تقریب میں پریس کلب کی جانب سے نابینا طلبہ میں سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں اور چار بریل قرآن پاک بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر نائب صدر زاہد گوگی نے معزز مہمانان کرام کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈز اور پھول پیش کئے۔