Live Updates

الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی کا پورا اختیار ہے، عمران خان

کے وکلاء اور قانونی ماہرین ان کو صحیح صورتحال نہیں بتا رہے،ترجمان الیکشن کمیشن

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:53

الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی کا پورا اختیار ہے، عمران ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون خان شنواری نے عمران خان کے توہین عدالت کیس کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی کا پورا اختیار ہے جس طرح ہائیکورٹ کے پاس آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا اختیار موجود ہے اس طرح الیکشن کمیشن کے پاس الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 10 کے تحت ہائی کورٹ کے درجے کے توہین عدالت کی کارروائی کا مکمل اختیار ہے اور جس طرح ہائی کورٹ کے ججز کے پاس توہین عدالت کا اختیار ہے اس طرح الیکشن کمیشن کے ممبران کے پاس بھی ہے۔

ہارون خان شنواری نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وکلاء اور قانونی ماہرین عمران خان کو صحیح صورتحال نہیں بتا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وجہ سے کنفیوژن پیدا ہو رہی ہے۔ پہلے ان کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے معافی بھی مانگی اور withdrawal بھی کیا لیکن بعد میں جب عمران خان کو شوکاز نوٹس بھیجا گیا تو اس میں نہ معافی تھی اور نہ ہی ندامت کا ذکر تھا جس کو الیکشن کمیشن نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا۔

اگر عمران خان کے وکلاء ان کو الیکشن کمیشن میں کیسوں کی سماعت اور پیشی کے صحیح حالات بتاتے تو شاید یہ کنفیوژن پیدا نہ ہوتی۔ الیکشن کمیشن نئے قانون کے سیکشن 10 کے تحت پوری طرح توہین عدالت میں بااختیار ہے اور یہی اختیار الیکشن کمیشن کو پرانے قانون کے تحت بھی حاصل تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات