عدالتوں میں دہشت پھیلانا انصاف پر حملے کے مترادف ہے، عدالتوں پر دبائو ڈال کر مرضی کے فیصلے لینے کا دور گزر گیا، ایاز لطیف پلیجو

میاں نواز شریف صاحب عدالتوں سے ٹکرائو کی تجاویز دینے والے دوستوں سے کنارہ کشی اختیار کریں، کیپٹن صفدر کے نفرت بھرے بیان کا بھی نوٹس لیا جائے،پاناما پیپرز میں شامل 436 افراد پر مقدمات چلائے جائیں، کارکنان سے خطاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں میں دہشت پھیلانا انصاف پر حملے کے مترادف ہے، عدالتوں پر دبائو ڈال کر مرضی کے فیصلے لینے کا دور گزر گیا، میاں نواز شریف صاحب عدالتوں سے ٹکرائو کی تجاویز دینے والے دوستوں سے کنارہ کشی اختیار کریں، کیپٹن صفدر کے نفرت بھرے بیان کا بھی نوٹس لیا جائے، پاناما پیپرز میں شامل 436 افراد پر مقدمات چلائے جائیں۔

(جاری ہے)

کارکنوں سے گفتگو میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ کرپشن اور دہشت کے ذریعے اب حکومت قائم نہیں رکھی جا سکتی اس طرز کی حکمرانی نے اداروں کو تباہ کیا ہے، کرپشن، دہشت گردی اور ٹکرائو کی وجہ سے ملکی معیشت بیٹھ گئی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل میں رکاوٹیں ڈالی جا رہیں ہیں، انتہاپسندی، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، بھوک اور بدحالی بڑے چیلنج ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر کچروں کے ڈھیر بنے ہوئے ہیں جبکہ کروڑوں عوام کو گٹر کا ملا ہوا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، خراب حکمرانی کی وجہ سے غریب عوام بہتر علاج اور تعلیم سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی صرف پنجاب تک محدود نہیں ہونا چاہئے، بلوچستان، خیبرپرخونخواہ اور سندھ کی بڑی کرپٹ مچھلیوں کو گرفتار کر کے ان سے حساب لیا جائے، سندھ کے عوام کی دولت ہڑپ کر کے حکمرانوں نے اربوں روپے باہر منتقل کیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 5 نومبر کو عوام کا سمندر کرپٹ حکمرانوں کو بہا لے جائے گا، پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں، اسکولوں، ہسپتالوں اور ترقیاتی منصوبوں کے پیسے جلسوں پر اڑا رہی ہے۔