عوام کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کیلئے جانوں کے نذرانے دینے پولیس اورفورسز کے اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں، سرفراز بگٹی

حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، میر رحمت صالح بلوچ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) صوبائی و زیر صحت میررحمت صالح بلوچ اور صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کیلئے جانوں کے نذرانے دینے پولیس اورفورسز کے اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، سول ہسپتال کے ٹراما سینٹرز میںڈاکٹرز مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زٴْخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی سول ہسپتال کے ٹراما سینٹرز میں عیادت کے بعدصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت میر رحمت بلوچ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ افسوسناک ہے ملک دشمن عناصر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت صوبے میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہرممکن کوشش ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقنی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کا ٹراما سینٹر مکمل فعال ہے جہاں ڈاکٹرز دن رات لوگوں کی خدمت کررہے ہیں میں ٹراما سینٹرمیں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترسہولیات فراہم کرنے پرڈاکٹروں کو شاباش دیتا ہوں۔ صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے فقیر محمد روڈ پر پولیس نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2پولیس اہلکار اور ایک ر اہ گیر بچہ زخمی ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں عوام کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں زخمیوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :