سکردو ،سردی آ نہیں رہی ، سردی آگئی ہے، لوگو ں نے گرم ملبوسات کی خریداری کیلئے مارکٹیوں کا رخ کر لیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:19

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء)سردی آ نہیں رہی ، سردی آگئی ہے ، سکردو کی شدید سردی کی لپٹ میں لوگو ں نے گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے مارکٹیوں کا رخ کر لیا ، گرم ملبوسات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ،تفصیلات کے مطابق اکتوبر کے مہینہ شروع ہوتے ہی سکردو اور اس کے گردنواح میںسردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے شام اور صبح کے وقت شدید سردی کے باعث معاملات زندگی کافی حد تک متاثر ہو رہے ہیں ، جبکہ دوسری جانب سردی کی شدید میں اضافے کیساتھ ہی لوگوں نے گرم ملبوسات کی خریداری کا سلسلہ شروع کر دیا ، موقع کو غنیمت جان کر دوکان داروں نے گرم ملبوسات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے دوسری جانب غریب اور متوسط طبقہ گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے لنڈا مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں تاہم وہاں بھی صورت حال یہی ہے ، پرانے کپڑوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ چکے ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی ہر سال قیمتوں کو پر لگ جاتے ہیں انتظٓامیہ کے پاس منافع خوروں کو لگام دینے کے لیے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں ، انتظامیہ سردیوں کے موسم میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے سستے بازاروں کو اہتما م کرے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔